شاہ محمود نے کشمیر سمیت تمام معاملات کا احاطہ کیا ، خورشید قصور ی
اسلام آباد ( آن لائن) سابق وزیر خا رجہ خورشید قصور ی نے کہاہے کہ اقوام متحدہ میں شاہ محمودقریشی نے اپنی تقریر میں کشمیر سمیت تمام معاملات کا احاطہ کیا ہے ، پاکستان کا موقف بڑے مثبت انداز میں پیش کیاہے ، مذاکرات سے بھارت جس طرح بھاگاہے اس سے خود بھارت کے لکھنے والے اپنی حکومت پر تنقید کررہے ہیں۔نجی ٹی وی کے پر وگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خورشید قصوری نے کہا کہ اقوام متحدہ میں شاہ محمودقریشی نے اپنی تقریر میں کشمیر سمیت تمام معاملات کا احاطہ کیا اور وہ بھی ایک ایسے وقت میں جب اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے 23سال بعد ایک جامع رپورٹ شائع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے پاکستان کا موقف بڑے مثبت انداز میں پیش کیاہے ، مذاکرات سے بھارت جس طرح بھاگاہے اس سے خود بھارت کے لکھنے والے اپنی حکومت پر تنقید کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں بہت سے لوگ حکومت کے موقف کوتسلیم نہیں کررہے اور کہتے ہیں کہ قوم کی توجہ رافیل سکینڈل سے ہٹانے کیلئے پاکستان کے ساتھ مذاکرات ملتوی کئے گئے۔بھارتی آرمی چیف کی بیانات اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے خورشید قصوری نے کہا کہ یہ کس قدر افسوناک بات ہے کہ ہندوستان میں صرف ووٹ لینے کیلئے کیسے کیسے ہتھکنڈوں کو آزمایا جارہاہے۔