عوام کی خدمت کے سوا کوئی ایجنڈا نہیں ،پولیس اور انتظامیہ کوئی غلط کام نہ کرے ، عثمان بزدار

عوام کی خدمت کے سوا کوئی ایجنڈا نہیں ،پولیس اور انتظامیہ کوئی غلط کام نہ کرے ...

  

 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں ساہیوال ڈویژن اور ملتان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی نے الگ الگ ملاقات کی، جس میں عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں، ترقیاتی پراجیکٹ اور عوامی مسائل کے فوری حل کے حوالے سے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی سے ملاقاتوں کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب وزیراعظم عمران خان کے ہراول دستے کے سپاہی ہیں اور وزیراعظم عمران خان کا ایجنڈا 22 کروڑ عوام کا معیار زندگی بلند کرے گا۔ عوام نے تحریک انصاف کو جو مینڈیٹ دیاہے اس کی لاج رکھیں گے۔ صوبے میں کرپشن کے خاتمے، گڈ گورننس کے فروغ اور سادگی کو اختیار کرنے کیلئے اوپر کی سطح سے اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب کی ترقی کے کھوکھلے نعرے لگائے گئے لیکن عملی اقدامات نہیں کئے گئے اور اسی بنا پر جنوبی پنجاب کے عوام نے ترقی اور خوشحالی کے سفر میں انہیں نظر انداز کرنے والوں کو الیکشن میں بری طرح شکست دی ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کو حق دے گی۔ ملتان ، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کریں گے جبکہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے میں بھی جنوبی پنجاب کو فوقیت دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے شہروں میں صفائی کی صورتحال ابتر ہے، لہٰذا صفائی کے انتظامات کو بہتر سے بہتر بنانا متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ شہروں میں کوڑا کرکٹ کو مناسب طریقے سے تلف کرنے کے سسٹم میں بہتری لائیں گے۔ عوامی مسائل کا حل نچلی سطح پر ہونا چاہیئے اور اوپن ڈور پالیسی عوامی مسائل کے حل میں ممد و معاون ثابت ہوگی۔ جو افسر پالیسی پر عمل نہیں کرے گا، اس کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کریں گے۔ عوام کے مسائل کے جلد حل کیلئے وزیراعلیٰ آفس میں بھی شکایت سیل بنایا جائے گا اور میں اراکین اسمبلی سے ملاقات اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھوں گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم باتیں کم اورکام زیادہ کر رہے ہیں۔ سی ایم آفس میں اب کوئی فائل زیر التواء نہیں رہتی۔ سرکاری محکموں میں شکایات سیل قائم ہوں گے۔ڈی پی اوز کھلی کچہریاں لگائیں گے۔ٹیم کے ساتھ ڈی جی خان ،ملتان اور بہاولپور کا باقاعدگی سے وزٹ کروں گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ غیر جانبدار رہ کر فرائض سرانجام دیں اور کسی کا بھی کوئی غلط کام نہ کیا جائے بلکہ انصاف کے تقاضوں کے مطابق میرٹ پر کام ہونے چاہئیں۔ سرکاری افسران عوام کیلئے 2گھنٹے دروازے کھلے رکھیں،رویے بہتر بنائیں اور عوام کو ڈلیور کریں۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل صرف سنیں گے ہی نہیں بلکہ حل بھی کریں گے۔ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو عوامی مسائل کے حل کیلئے تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی، انتظامی افسران اور متعلقہ پولیس حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید :

صفحہ اول -