بھارت کو مہم جوئی کا ایسا جواب دینگے اسکی نسلیں یاد رکھیں گی ، فیاض الحسن چوہان

بھارت کو مہم جوئی کا ایسا جواب دینگے اسکی نسلیں یاد رکھیں گی ، فیاض الحسن ...

  

 راولپنڈی( سٹی رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض احمد چوہان نے کہا ہے مودی کے اشاروں پر بھارت جنگی جنون کی کیفیت پید ا کرکے خطے کا امن خطرے میں ڈالنا چاہتا ہے ،وزیر اعظم عمران خان کی امن مذاکرات کی مخلصانہ پیشکش کے جواب میں بھار ت کی گید ڑ بھبکیاں آئندہ انتخابات میں مودی کے الیکشن سٹنٹ کے طور پر استعمال کی جا رہی ہیں لیکن بھارت جان لے دنیا کی بہترین سپا ہ 22 کروڑ پاکستانیوں کے دل کی دھڑکن ہے ، حکومت اور افواج پاک ایک پیج پر ہیں اگر بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو اسکی نسلیں یاد رکھیں گی۔گزشتہ روزراولپنڈی پریس کلب میں ’’میٹ دی پریس‘‘ پروگرام سے خطاب میں فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا صلح صفائی و مذاکرا ت کی پاکستا ن کی پیشکش کو کمزوری سمجھنے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ بھارتی فوج کی وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی مذ مت کرتے ہو ئے کہاایسی بزدلانہ کاروائیوں سے پاکستان کوڈرایا نہیں جاسکتا ، وہ دن گئے جب خلیل خان فاختہ اڑیا کرتے تھے اب مودی کو ساڑھیاں او ر آموں کے تحفے بھیجنے اور اس کے جندال کو معاشی تحفظ فراہم کرنیوالوں کا دور گزر گیا۔ نواز شریف او ر ان کے حواری جاتی امراء میں بیٹھ کر ا للہ اللہ کریں اوراپنے گناہوں کی معافی مانگیں۔ وزیر خزانہ اسد عمر اپنی دانائی اور تدبر سے معاشی بحالی کی ہر ممکن جدو جہد کر رہے ہیں جس کے نتائج اگلے دو ماہ میں ظاہر ہونا شروع ہو جائیں گے۔ حکومت پنجاب کی مجوزہ میڈیا پالیسی آزادی صحافت کی آئینہ دار ہو گی، انہوں نے اس موقع پر ان صحافیوں کی درخشاں قربانیوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا جنہوں نے اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی میں اپنی جانو ں کا نذرانہ پیش کرکے اعلی صحافتی اقدار کو سر بلند کیا۔فیاض الحسن چوہان نے کہا نئی میڈیا پالیسی میں اشتہارات کے منصفانہ اجراء کیساتھ ساتھ اس امر کو بھی یقینی بنایا گیا کہ میڈیا ورکرز کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی ، ورکنگ جرنلسٹس کو معاشرے میں ان کا جائز مقام اور صحت عامہ سمیت دیگر سہولیات میسر ہوں۔

مزید :

صفحہ اول -