سی پیک منصوبے میں توسیع اور ماضی کے معاہدوں کی پاسداری کرینگے ، فواد چودھری

سی پیک منصوبے میں توسیع اور ماضی کے معاہدوں کی پاسداری کرینگے ، فواد چودھری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے کو توسیع اور اس معاملے پر ماضی میں کئے گئے معاہدوں کی پاسداری بھی کی جائے گی، توانائی اور پٹرولیم کے شعبے میں بیرون دنیا سے بہت بڑی سرمایہ کاری آنے کی توقع ہے ،ریکو ڈیک منصوبہ پاکستان کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے ایران سعودی عرب تنازع میں ہم غیر جانبدار ہیں۔ نجی ٹی وی سے گزشتہ روز گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ سعودی وفد کے ساتھ توانائی کے منصوبوں پربات چیت ہوئی ہے جو پاکستان میں بہت بڑی سرمایہ کاری کرے گا۔ فواد چودھری نے کہا کہ ایران کے وزیر خارجہ نے ہماری حکومت آنے کے بعد سب سے پہلے پاکستان کا دورہ کیا ،ہمارے ایران سے اچھے تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دل بلوچستان کے عوام کے ساتھ ہیں جبکہ وزیراعظم نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے لیڈران سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔علاوہ ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین چودھری نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کی آزادی متاثر کئے بغیر ہمیں جعلی خبروں کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین چودھری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ سوشل میڈیا پر جعلی نوٹیفکیشنز اور بے بنیاد خبریں پھیلائی جارہی ہیں لہٰذاسوشل میڈیا کی آزادی متاثر کئے بغیر ہمیں جعلی خبروں کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی۔

مزید :

صفحہ اول -