31ہزار کنال اراضی پر قبضہ میں سرکاری اداروں کے ملوث ہونے کا انکشاف
لاہور(جاوید اقبال)صوبائی دارالحکومت میں قبضہ مافیا کا راج قائم ، محکمہ مال کی 31 ہزار کنال اراضی پر1998سے2017تک قبضے کئے گئے ۔جیل روڈپر سروسز ہسپتال کے سامنے واقع ’’ سب وے‘‘ میں چند دکانیں انتہائی کم رقم کے عوض من پسند افرادکوالاٹ کر دی گئیں جبکہ مافیا نے کروڑوں روپے مالیتی باقی دکانوں پر قبضہ کر لیا۔اس بات کا انکشاف وزیراعلی پنجاب کی معائنہ ٹیم کے سینئر ممبر طاہر یوسف نے اپنی رپورٹ میں کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قبضہ کرانے والے ضلعی حکومت کے 34افسروں کے خلاف مقدمہ درج کروا کر دکانیں قبضہ مافیا سے واپس لی جائیں۔ رپورٹ کے مطابق ہربنس پورہ ،بادامی باغ ،مغلپورہ ،لاری اڈا،ریلوے سٹیشن ،فیروز پور روڈ ،جوہر ٹاؤن ،ماڈل ٹاؤن ،سبزاہ زار ،یتیم خانہ روڈ ،میو ہسپتال ،یعقوب ہاسٹل ریلوے روڈ،رنگ محل ،اندرون شہر ،برانڈرتھ روڈ ،اردوبازار ،میڈسن مارکیٹ لوہاری ،ٹھوکر نیاز بیگ ،رائے ونڈ روڈ ،ملتان روڈ ،والٹن روڈ ،چونگی امرسدھو ،بیدیاں روڈ، چوہنگ ،ہنجروال کے قرب و جوار میں کھربوں روپے کی سرکاری اراضی پر قبضے ہیں ۔اسی طرح کچی آبادیوں میں بھی جعلی کاغذات پر قبضہ گروپوں نے کمرشل جائیدادیں بنا رکھی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق حال ہی میں لوہاری میڈسن مارکیٹ کے قریب پاپولر کمپنی نے ضلعی حکومت کی دکانوں کے اوپر غیر قانونی منزلیں تعمیر کر کے قبضے کر لئے ۔ وزیر بلدیات عبدالعلیم خان نے روزنامہ پاکستان کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قبضہ گروپ کوئی بھی ہو انھیں نہیں چھوڑا جائے گا ۔اربوں روپے مالیتی سرکاری اراضی واگزار کرانے کے بعد اسے فروخت کرکے حاصل ہونے والی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن کی نگرانی وزیر اعلیٰ خود کر رہے ہیں اوراس آپریشن کو ایک ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔
انکشاف
لاہور( جنرل رپورٹر،لیڈی رپورٹر ) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے ہدایت کی ہے کہ تجاوزات کے خاتمے اور سرکاری اراضی واگزار کرانے کیلئے ضلع کی سطح پر مربوط آپریشن یقینی بنایا جائے اوراس ضمن میں ہر ڈویژن میں با قاعدہ مانیٹرنگ سسٹم تشکیل دیا جائے جس کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ارسال کی جائے ،عبدالعلیم خان نے محکمہ بلدیات کے سینئر افسران کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خاتمے کے سلسلے میں صوبائی محکموں کے علاوہ وفاقی اداروں کو بھی لوپ میں لیا جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ نا جائز طور پر قابضین کو بجلی و گیس کے کنکشن جاری نہ کیے جائیں اور پہلے سے موجود اُن کی شہری سہولتوں کو مستقل بنیادوں پر بند کر دیا جائے ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے پنجاب بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کا حکم دے دیا ہے جس پر 100فیصد عملدرآمد یقینی بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے لہذا کسی سیاسی وابستگی سے قطع نظر سب کے خلاف یونیفارم پالیسی اختیار کی جائے ،سینئر وزیر نے کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر صرف بیواؤں ،یتیموں اور انتہائی غریب افراد سے نرمی برتی جا سکتی ہے اور انہیں اپنا متبادل انتظام کرنے تک سامان رکھنے کی مہلت مل سکتی ہے ،اس کے علاوہ کسی بھی جگہ اگر ناجائز طور پر فائدہ پہنچایا گیا تو اس کے ذمہ دار افسران ہونگے ،انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد مافیا اور بڑی مچھلیوں پر ہاتھ ڈالنا ہے تاکہ حکومتی خزانے کو پہنچائے جانے والے نقصان کا مداوا ہو سکے ،انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے سے نئے پاکستان کا چہرہ سامنے آئے گا اور قانون کی حکمرانی قائم ہونے سے عام شہریوں کو اُن کا حق مل سکے گا ، انہوں نے کہا کہ تجاوزات کا خاتمہ اور سڑکوں و شاہرات کی اصل حالت میں بحالی بھی پہلے100روزہ پلان کا حصہ ہے جس کیلئے پنجاب بھر میں موجودہ حکومت پوری تندہی کے ساتھ کام کا آغاز کر رہی ہے ۔
علیم خان