قوم کے معماروں کی عزت اولین ترجیح ہے ،ضیاء اللہ بنگش
پشاور( سٹاف رپورٹر)مشیر تعلیم خیبرپختوانخوا ضیاء اللہ بنگش نے کہا ہے کہ اساتذہ کی ٹرانسفر پالیسی پر مشاورت جاری ہے اور ایسی پالیسی بنائی جائے گی جس میں کسی کو کچھ کہنے اور سفارش کی ضرورت نہیں ہوگی۔ بلکہ سال میں ہم ایک مخصوص مدت متعین کر ہے ہیں جس میں اساتذہ کی ٹرانسفر ہوسکے گی۔ انہو ں نے کہاکہ ہم اساتذہ کو عزت دے رہے ہیں اور ایم این اے ، ایم پی اے کے حجروں اور دفاتر کے چکروں سے آزاد کر رہے ہیں اساتذہ عزت مند ہیں اور ہم ان کی عزت کو بلند ترین مقام تک پہنچائیں گے۔وہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسرز اور سپورٹس آفیسرز کے صوبائی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کرنے کے لئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایجوکیشن فرید احمد خٹک ، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس افتخار شموزئی اور تمام صوبے کے میل فیمیل ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور سپورٹ افیسرز موجود تھے۔ضیاء اللہ بنگش نے کہا ہے کہ تمام سرکاری سکولوں کے ان اساتذہ جن کے بچے پرائیویٹ سکولوں میں پڑھ رہے ہیں کے ڈیٹا لئے ڈائریکٹر ایجوکیشن کی سربراہی میں کمیٹی بنائی گئی ہے جوکہ 15 اکتوبر تک تمام معلومات کی فرہمی کو یقینی بنائے انہو ں نے اساتدہ کو ہدایات جاری کی کہ اگلے ہفتے سے میں خود ہزارہ ریجن کا دورہ کر رہا ہوں جو نئے سکول تعمیر ہوچکے ہیں ان کا باقاعدہ افتتاح کرکے تعلیمی سرگرمیاں شروع کر دی جائیں گی۔ جبکہ 5 اکتوبر کو سلام ٹیچر ڈے ہر سکول میں باقاعدہ طورپر منایا جائے۔ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ سپورٹ کی سرگرمیاں باقاعدہ طورپر جاری رکھی جائے جبکہ ہر قسم کی سرگرمیوں، نتائج اور دیگر پروگراموں میں طلباء کے والدین کو ضرور مدعو کریں اور والدین کو نتائج اور بچوں کی کارکردگی کے بارے میں ضرور بتایا کریں۔ انہوں نے کہاکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ہدیات جاری کیں کہ آپ اساتذہ اور طلباء کے مسائل ضلعی سطح پر ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور جن لوگوں کے لئے ہم کام کر رہے ہیں ان طلباء کو تمام سہولیات ان کی دہلیز پر میسر ہوتاکہ وہ حقیقی تبدیلی محسوس کرسکیں۔مشیرتعلیم نے پسماندہ اور کم تعلیمی شرح خواندگی والے علاقوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ ہم ان علاقوں پر خصوصی توجہ دیں گے کیونکہ وہ بچے بھی ہمارے بچے ہیں اور ہم سب بچوں کا ایک ساتھ سوچتے ہیں۔ علاوہ ازیں مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش سے یو این کے ریذیڈنٹ کوآرڈینٹر نیل بوھن نے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر سیکرٹری ایجوکیشن مختیار احمد چیف پلاننگ آفیسر بھی موجود تھے۔ نیل بوھن نے خیبر پختونخوا کے بہترین تعلیمی نظام اور جاری منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ یہاں کا تعلیمی نظام باقی صوبوں کے لئے ایک رول ماڈل ہے انہوں نے کہاکہ ہمارا ادارہ صوبائی حکومت کیساتھ انفرسٹرکچر سکولوں میں سہولیات کی فراہمی اور دیگر ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ مشیرتعلیم نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ خیبر پختونحوا کے بہترین تعلیمی نظام کو ہم نئے شامل ہونے والے اضلاع تک وسعت دے رہے ہیں جس کے لئے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی بھر پور حمایت ہمیں حاصل ہے جب کہ یو این اور اس طرح کی دوسری بین الاقوامی ایجنسیوں کی مدد سے بہت جلد ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے گا۔