عام انتخابات پر تحفظات کے باوجود موجودہ حکومت کو موقع ملنا چاہیے : محمد علی شاہ باچہ
بٹ خیلہ(بیورورورٹ) صوبائی اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق پارلیمانی لیڈر سید محمد علی شاہ باچہ نے کہا ہے کہ عام انتخابات پر تحفظات کے باوجود موجودہ حکومت کو موقع ملنا چاہئے ۔ ملک کی غریب عوام مذید مہنگائی اور بے روزگاری کے متحمل نہیں ہو سکتے ۔ حکومت محض وعدوں اور سیاسی نعروں سے عوام کو دھوکہ دینے کی بجائے ٹھوس اقدامات کریں ۔ہم نے اپنے دور میں جتنے ترقیاتی کام کئے ہیں کوئی مائی کا لال 20سال میں بھی نہیں کرسکتا۔ پی پی پی کے کارکن اور قائدین مشکل حالات میں بھی اپنے عوام کیساتھ کھڑے رہے گی ۔ پریس کلب کے سینئر صحافیوں کی نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی الیکشن میں جیت یا ہار کی پرواہ نہیں کی بلکہ ہر حالت میں عوام کے خدمت کے لئے کمر بستہ ہیں اور ہمیشہ عوام کے غم و خوشی میں شریک رہے ہیں ۔ سید محمد علی شاہ باچہ نے کہا کہ حلقہ پی کے 19اور این اے 8ملاکنڈ کے عوام نے ہم پر بھرپور اعتماد کیا ہے اور گذشتہ انتخابات کی نسبت حالیہ انتخابات میں ہمارے ووٹوں میں 12ہزار ووٹوں کا اضافہ اس اعتماد کا مُنہ بولتا ثبوت ہے ۔ سابق پارلیمانی لیڈر نے کہا کہ موجودہ حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقادکے حوالہ سے خود تذبذب کا شکار ہے تاہم جو بھی قانون سازی اور فیصلہ ہوگا مخالفین کے لئے میدان خالی نہیں چھوڑیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دورمیں پانچ ڈگری کالجز ، ہائیر سیکنڈری سکولز ، صحت کے مراکز اور پانی کے اسکیموں کی مد میں خطیر رقم خرچ کی ہے جس کے مخالفین بھی معترف ہیں۔ ترقیاتی اسکیموں کا جال بچھا کر ہم نے حلقے کا انفراسٹرکچر تبدیل کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوا م کو محض سیاسی نعروں اور جھوٹے وعدوں سے دھوکے میں نہیں رکھا جاسکتا اور عوام کو بہت جلد واضح ہو جائیگا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے جو اعلانات اور وعدے کئے ہیں وہ محض ڈرامہ بازی ہے ۔