میجر طاہر صادق اٹک اور پی ٹی آئی کا اثاثہ ہیں ،گورنر چوہدری سرور

میجر طاہر صادق اٹک اور پی ٹی آئی کا اثاثہ ہیں ،گورنر چوہدری سرور

  

اٹک(نمائندہ پاکستان)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے ممبر قومی اسمبلی میجر ریٹائرڈ طاہر صادق کی ہمشیر ہ کی وفات پر ان کی رہائش گاہ اٹک جاکر ان سے تعزیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے میجر ریٹائرڈ طاہر صادق سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔ بعدا زاں میڈیا کے نمائیندوں سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ میجر طاہر صادق اٹک اور پی ٹی آئی کا اثاثہ ہیں ،جنہوں نے ضلع اٹک کی ترقی کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں ہیں۔گورنر پنجاب نے اس موقع پر تمام افواہوں کی تردید کر تے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اور میجر طاہر ایک ہیں اور وزیر اعظم عمران خان میجر طاہر صادق کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہا کہ تحریک انصاف کو پاکستان کی معیشت خستہ حالی میں ملی اور اب اس معیشت کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لیے سادگی اپنانے کے ساتھ ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی درآمدات اور برآمدات میں چالیس ملین ڈالر کا فرق ہے اور قر ض اتارنے کے لیے مزید قرض لینے پڑرہے ہیں لیکن وہ دن دور نہیں جب پاکستان کی معیشت مضبوط بنیادوں پر کھڑی ہو گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان سے کرپشن کا خاتمہ ہو گااور ملک ایک مرتبہ پھرترقی کی منازل طے کرے گا۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا ماڈل ٹاؤن سانحہ کی تحقیقات ہو رہی ہیں اور اس میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہ نئے بلدیاتی نظام پر کا م ہو رہا ہے اور اس ضمن میں قوم کو جلد خوشخبری سنائی جائے گی۔اس نظام میں عوام کا اختیار عوام کے سپرد کیا جائے گا۔ضمنی انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ انتخابات سیاسی پارٹیوں کے ہوں گے اور ان میں اداروں کا کوئی عمل دخل نہیں ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں عوام کے مسائل کے حل کے لیے مربوط پلان کے تحت اقدامات اٹھا رہی ہے اور بہت جلد عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کی اولین ترحیج عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ پاکستان کا عالمی دنیا بھی کھویا ہوا مقام بحال کرنا ہے تاکہ ہم بین الاقوامی سطح پر اپنا کھویا ہوا تشخص دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -