ٹورزم ملائیشیا پاکستان ٹریول مارٹ میں شرکت کریگا: قونصل جنرل
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں مقیم ملائیشیا کے قونصل جنرل خیرل نذران عبدالرحمن نے کہا ہے کہ ٹورازم ملائیشیا دو سے چار اکتوبرکو کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والی دوسری پاکستان ٹریول مارٹ میں شرکت کریگا جبکہ پاکستا نی سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے اپنے کھانوں اور ثقافت کو بھرپور انداز میں پیش کیا جائے گا۔ یہ بات ملائیشیا کے قونصل جنرل نے اپنے سفارت خانے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس نمائش میں ملائشیا کے ٹریول ایجنٹس سمیت ہوٹل مالکان، ٹورازم میلاکا اور ٹورازم ملائیشیا سمیت 23ملائیشین ادارے شرکت کریں گے۔ پاکستان ٹریول مارٹ کے دوران ملائیشیا سے آیا ہوا ثقافتی طائفہ بھی مہمانوں اور نمائش دیکھنے کے لیے آنے والے افراد کے سامنے اپنے فن کا مظاہرہ بھی کرے گا۔ٹورازم میلاکا پاکستان ٹریول مارٹ 2018کے انعقاد کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک نیا پلیٹ فارم ’وزٹ میلاکاسال2019 ‘لانچ کرے گا، تاکہ میلاکا کو’اے گیٹ وے ٹو ہزٹوریکل ملائیشیا‘کا نعرہ استعمال کرتے ہوئے مہمانوں کے سامنے پیش کرے، واضح رہے کہ میلاکا شہر کو یونیسکو کی جانب سے عالمی تاریخی ورثہ قرار دیا گیاہے۔ ٹورازم ملائیشیا کی جانب سے بیچ لگژری ہوٹل کراچی میں ملائیشیا کے مختلف کھانوں سمیت ثقافت کے مختلف رنگوں کو بھی پیش کیا جارہا ہے۔جوکہ 5تا 14اکتوبر جاری رہے گا۔ان تمام سرگرمیوں کا بنیادی مقصد سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں ملائیشیا آنے کی ترغیب دلانا ہے تاکہ پاکستان اور ملائیشیا کی ٹورازم انڈسٹری ایک ساتھ کام کرکے زیادہ پھل پھول سکے۔اس وقت پی آئی اے اور مالنڈو ایئر ہفتے میں9فلائٹس کی مدد سے 2ہزار4سو 50مسافروں کا ملائیشیا سے پاکستان اور پاکستان سے ملائیشیا لا اور لے جا رہی ہیں، جبکہ ان میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ملائیشیا اپنے جزیروں ،ساحلوں ، خریداری، تھیم پارکس ، ثقافت ، مزیدار مقامی کھانوں، گھنے جنگلات، معتدل موسم، دلچسپ تجربات کی وجہ سے پاکستانی سیاحوں کے لئے بہترین سیاحتی مقام ثابت ہوا ہے، جہاں وہ سال بھر انتہائی مناسب دام میں سفر کو دلچسپ اور آرام دہ بنا سکتے ہیں۔ملائیشیا کو ماسٹر اینڈ کریسنٹ ریٹنگ 2018گلوبل مسلم ٹریول انڈکس میں بہترین مسلم ٹریول ڈسٹی نیشن قرار دیا گیا ہے۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ رواں برس جنوری سے جون کے درمیان پاکستان سے 34ہزار 7سو 73سیاح ملائیشیا گئے جو کہ گذشتہ سال کی اس مدت کے مقابلے میں 29.4فی صد زیادہ ہیں۔