بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو اس کی نسلیں یاد رکھیں گی : فیاض الحسن چوہان

بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو اس کی نسلیں یاد رکھیں گی : فیاض الحسن چوہان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی(سٹی رپورٹر)پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض احمد چوہان نے کہا ہے کہ مودی کے اشاروں پر بھارت جنگی جنون کی کیفیت پیدا کرکے خطے کا امن خطرے میں ڈالنا چاہتا ہے ،وزیر اعظم عمران خان کی امن مذاکرات کی مخلصانہ پیش کش کے جواب میں بھارت کی گیدرڑ بھبھکیاں آئندہ انتخابات میں مودی کے الیکشن سٹنٹ کے طور پر استعمال کی جا رہی ہیں لیکن بھارت یہ جان لے کہ دنیا کی بہترین سپاہ پاکستان کی دلیر ، نڈر، بہادر اور پروفیشنل افواج پاکستان 22 کروڑ پاکستانیوں کے دل کی دھڑکن ہیں ، حکومت اور افواج پاکستان ایک پیج پر ہیں اور اگر بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو اس کی نسلیں یاد رکھیں گی۔ یہ بات انہوں نے راولپنڈی پریس کلب میں ’’میٹ دی پریس‘‘ پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ قبل ازیں پریس کلب آمد پر کلب عہدیداران ، ممبران اور سینئر صحافیوں نے ان کا خیر مقدم کیااور پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے انہیں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر نیشنل پریس کلب کے صدر طارق چوہدری، سیکرٹری شکیل انجم ، جوائنٹ سیکرٹری نیشنل پریس کلب و انچارج راولپنڈی پریس کلب عابد عباسی بھی موجود تھے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ جس مود ی کو 2005 میں امریکہ نے قصائی اورگجرات کے ہزاروں مسلمانوں کا قاتل قراردے کر امریکہ کا ویزا دینے سے انکار کر دیا، جس بھارت کی 80 کروڑ آبادی کو بیت الخلا ء کی سہولت حاصل نہیں ، اور وہ ٹرین کی پٹڑیوں ، ریلوے اسٹیشنوں اور فٹ پاتھوں پر سو نے پر مجبور ہے ،جس بھارت میں غربت و افلاس کا دور دورہ ہے وہ پاکستان سے جنگ کی بات کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ ، وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور پاکستان کے عوام بھارت سے جنگ نہیں چاہتے ،اسی لئے وزیر اعظم عمران خان نے سب سے پہلے بھارت سے صلح صفائی اور مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر پاک بھارت تعلقات کی بہتری کی پیش کش کی لیکن اسے پاکستان کی کمزوری سمجھنے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے جس کی فوج جدید ہتھیاروں اور مزائلوں سے لیس ہے اس سے جنگ کرنے والوں کو سبق یاد آجائے گا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نریندر مودی فرنس سے خریدے گئے طیاروں میں اپنی 36 کروڑ کرپشن چھپانے کے لئے جنوب اشیاء کو جنگ میں دھکیلنا چاہتا ہے لیکن پاکستان ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے اوروہ اس کا یہ گھناونامنصوبہ کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گا۔ انہوں نے بھارتی فوج کی طرف سے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدرکے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ایسی بزدلانہ کاروائیوں سے پاکستان کوڈرایا نہیں جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کا بچہ بچہ اپنی بہادر فوج کے ساتھ کھڑا ہے اور شہادت کے جذبے سے سرشار ہے اگر بھارت سے پاکستان پر جنگ مسلط کی تواس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن گئے جب خلیل خان فاختہ اڑیا کرتے تھے اب مودی کو ساڑھیاں اور آموں کے تحفے بھیجنے والے اور اس کے جندال کو معاشی تحفظ فراہم کرنے والوں کا دور گزر گیا۔ اب پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان ہیں جو مخالفوں اور پاکستان کے دشمنوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کا بات کرنے کی جرات اور حوصلہ رکھتے ہیں اور جس طرح انہوں نے کرکٹ کے میدان میں بھارت کو شکست دی اگر جنگ چھیڑی گئی تو اس میں بھی بھارت کو دندان شکن شکست کا سامنا کرناپڑے گا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ پاکستان کو 36 ارب ڈالر کا مقروض کرنے والے خادموں نے ملک کا معاشی تباہی سے دوچارکیا، 5 سے 7 ارب روپے کا یومیہ خسارہ برداشت کر نا پڑ رہا ہے ، ادارے تباہ ہیں، اور سابقہ دور میں وزیر اعظم ہاوس میں قائم کردہ میڈیا سیل ایک بار پھر موجود ہ حکومت اور وزیر اعظم پاکستان کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈہ کر کے قوم کو گمراہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف او ر ان کے حوالے جاتی عمرہ میں بیٹھ کر اللہ اللہ کریں اور اللہ تعالی سے اپنے گناہوں کی معافی مانگیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں موجودہ حکومت دن رات عوامی مسائل کے حل اور ملک و قوم کو عظیم معاشی قوت بنانے کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ وزیر خزانہ اسد عمر اپنی دانائی اور تدبر سے معاشی بحالی کی ہر ممکن جدو جہد کر رہے ہیں جس کے نتائج اگلے دو ماہ میں ظاہر ہونا شروع ہو جائیں گے۔ انہوں نے صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی مجوزہ میڈیا پالیسی آزادی صحافت کی آئینہ دار ہو گی، صوبائی اسمبلی میں معلومات تک رسائی کا بل پیش کر رہے ہیں جس سے صحافیوں کو مطلوبہ معلومات بلا تاخیر دستیاب ہوں گی، صحافیوں کو پیشہ وارنہ فرائض کی انجام دیہی کے لئے ضروری سہولیات حاصل ہوں گی اور ملک میں صحت مند صحافتی اقتدار کو فروغ حاصل ہوگا۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت نے اس موقع پر ملک میں بحالی جمہوریت ، انسانی حقوق کے تحفظ ، ظلم کا راستہ روکنے، مظلوم کی داد رسی اور عوامی مسائل کواجاگر کرنے کے لئے زرائع ابلاغ سے وابستہ میڈیا پروفیشنلز کے کردار اور خدمات کو سراہا اور کہاکہ صحافت بلا شبہ معاشرے کا چوتھا ستون ہے جس کی خدمات ہر دور میں مثالی رہی ہیں اور صحافیوں نے ظلم و ذیادتی کے باوجود حق کی آواز بلند کی اور ظالم کا راستہ روکاہے ۔ انہوں نے اس موقع پر ان صحافیوں کی درخشاں قربانیں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دیہی میں اپنی جانو ں کا نزرانہ پیش کرکے اعلی صحافتی اقدار کو سر بلند کیا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نئی میڈیا پالیسی میں اشتہارات کے منصفانہ اجراء کے ساتھ ساتھ اس امر کو بھی یقینی بنایا گیا کہ میڈیا ورکرز کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی ہو ۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں ایسے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جن سے صحیح معنوں میں ورکنگ جرنلسٹس کو معاشرے میں ان کا جائز مقام حاصل ہو اور انہیں صحت عامہ کی معیاری سہولیات کے ساتھ ساتھ ہر ممکن دیگر سہولیات میسر ہوں۔ قبل ازیں طارق چوہدری ، شکیل انجم اور عابد عباسی نے اپنے خطاب میں وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان کو خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں صحافیوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔