گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ایران کے قونصل جنرل کی ملاقات
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ایران کے قونصل جنرل احمد محمدی نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ملاقات میں مختلف شعبوں میں پاک ایران تعاون ،اس میں اضافہ کی ضرورت،صوبہ میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول کی موجودگی ، اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ دونوں ممالک کے دوطرفہ تجارتی ، ثقافتی ، سماجی اور سفارتی تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں ، صوبہ میں قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی بحالی میں ایران کا تعاون لائق تحسین ہے جسے پوری پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات انتہائی سازگار اور سرمایہ کاری کے لئے پرکشش اہمیت کے حامل ہیں ، ایرانی سرمایہ کار پاکستان با الخصوص کراچی کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے بھرپور منافع حاصل کرسکتے ہیں ، ایرانی سرمایہ کاری سے خطہ سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ یقینی ہے ،ایرانی سرمایہ کاروں کو حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔ ملاقات میں قونصل جنرل احمد محمدی نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات ہر سطح پر انتہائی مستحکم ہیں ۔