پاک چین اقتصادی راہداری میں پختونخوا ، بالعموم افغانستان او ر وسطی ایشیائی ممالک کیلئے اہم ووٹ ہے : محمود خان

پاک چین اقتصادی راہداری میں پختونخوا ، بالعموم افغانستان او ر وسطی ایشیائی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے چین کی 69ویں سالگرہ پر چائنہ کے عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری میں پشاوربالخصوص خیبرپختونخوا بالعموم افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کیلئے اہم روٹ ہے جیو سٹریٹجک لوکیشن کی وجہ سے صوبہ خیبر پختونخوا کا خطے کے علاقوں کو ایک دوسرے سے منسلک کرنے میں نمایاں کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے اس خطے کے عوام کی زندگیوں میں خوشحالی آئے گی۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے پشاور میں چائنہ کی 69ویں سالگرہ کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی، سینئر وزیر عاطف خان، صوبائی وزیر بلدیات شہرام تراکئی، چین کے سفیر یاؤینگ، سرکاری حکام، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور کثیر تعداد میں عوام اور دوسرے مہمانوں نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کے دن کے موقع پر میں اپنے چائنیز دوستوں کے ساتھ اپنے احساسات شیئر کرتے ہوئے پورے یقین سے کہتا ہوں کہ آج کی یہ تقریب ہمیں ایکدوسرے کے اور قریب لائے گی اور لازوال دوستی کا یہ رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔ محمود خان نے کہا کہ چین اور پاکستان تاریخی دوست، اتحادی اور پارٹنرز ہیں، چین نے ہمیشہ پاکستان کی ہر میدان میں مدد کی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ اس قسم کی تقریب منعقد کی گئی ہے جس پر میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر یاؤینگ اور انکی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسی تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر یاؤ ینگ سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان نے چین کے ساتھ قریبی روابط مستحکم کرنے کے حکومتی عزم کا اظہار کیا ۔ اُنہوں نے چینی سفیر کی خواہش اور تجویز پر رشکئی اکنامک زون کے قیام کو اولین ترجیح دینے جبکہ سی پیک کے تحت دیگر منصوبوں کو تیز رفتار ی سے مکمل کرنے کیلئے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ سی پیک منصوبوں میں نظر آنے والی پیش رفت یقینی بنانے کیلئے خیبرپختونخوا حکومت کی طرف سے سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات شہاب علی شاہ کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا جبکہ چین کی طرف سے نائب سفیر فوکل پرسن ہوں گے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش ، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات شہاب علی شاہ، امجد عزیز ملک اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت صوبے کے مختلف شعبوں میں منصوبوں کیلئے ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ چین کے سفیر نے صوبے میں دوبارہ حکومت بنانے پر وزیر اعلیٰ کو مبارکباد دی اور پاک چین تعلقات کے سلسلے میں پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا۔ سفیر نے خیبرپختونخو اکے ساتھ قریبی تعلقات اور یہاں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے چینی سفیر کی طرف سے صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے گہری دلچسپی کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ رشکئی اکنامک زون پر بدستور کام کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کر چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے انکشاف کیا کہ وہ صوبے میں متعدد منصوبوں کیلئے چین کی مختلف کمپنیوں کے ساتھ ایم او یوز بھی کر چکے ہیں جن پر مزید پیش رفت جاری ہے ۔ اس موقع پر چینی سفیر نے خیبرپختونخوا میں آئی پی پی موڈ کے تحت توانائی کے سات منصوبوں پر کام کرنے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔ سفیر نے سابق فاٹا میں سماجی خدمات کے شعبوں کی ترقی ، جنوبی اضلاع میں زراعت کے فروغ اور صوبے کے شمالی اضلاع میں سیاحت کی ترقی کیلئے تعاون کی پیشکش کی ۔ سفیر نے سی پیک کے تحت چین اور خیبرپختونخو اکے کاروباری حضرات کو جوائنٹ انونچر کے ذریعے کام کرنے کے مواقع فراہم کرنے کی تجویز سے بھی اُصولی اتفاق کیا۔ ملاقات میں صنعت و تجارت کے حوالے سے خیبر پختونخوا کی خطے میں مرکزی حیثیت کو تسلیم کیا گیا اور اس سلسلے میں باہمی تعاون سے کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔