بابر اعوان، پرویز اشرف پر 24 اکتوبر کو فرد جرم عائد ہوگی

بابر اعوان، پرویز اشرف پر 24 اکتوبر کو فرد جرم عائد ہوگی
بابر اعوان، پرویز اشرف پر 24 اکتوبر کو فرد جرم عائد ہوگی

  

اسلام آباد(ویب ڈیسک) احتساب عدالت نے نندی پور پاور پروجیکٹ کیس میں وزیر اعظم کے سابق مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان سمیت سات ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملزمان پر فرد جرم 24 اکتوبر کو عائد کی جائے گی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے گزشتہ ماہ چار ستمبر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا تھا۔نیب نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ نندی پور معاہدے کے لیے وزارت پانی و بجلی نے وزارت قانون سے رائے طلب کی جس نے رائے دینے میں دو سال لگا دیے۔ اس تاخیر کے باعث لاگت میں 27 ارب کا اضافہ ہوا اور تحقیقات سے ثابت ہوتا ہے کہ ملزمان نے جان بوجھ کر اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی۔

ریفرنس میں نامزد کیے گئے ملزمان کی فہرست میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، وزارت قانون کے سابق سیکرٹریز مسعود چشتی اور ریاض کیانی بھی شامل ہیں۔ دیگر ملزمان میں سابق کنسلٹنٹ شمیلہ محمود، سابق جوائنٹ سیکرٹری ریاض محمود اور وزارت پانی و بجلی کے سابق سیکرٹری شاہد رفیع کے نام بھی شامل ہیں۔نیب کا مؤقف ہے کہ نامزد ملزمان کی غفلت کے باعث نندی پور منصوبے میں تاخیر ہوئی، جس کے باعث خزانے کو 27 ارب کا نقصان ہوا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے 2011 میں رحمت حسین جعفری کی سربراہی میں نندی پور کمیشن قائم کیا تھا، جس کا مقصد منصوبے میں تاخیر کی وجوہات معلوم کرنا تھا۔کمیشن نے اپنی رپورٹ میں وزارت قانون کے افسروں کو تاخیر کا ذمہ دار قرار دیا اور رپورٹ کی روشنی میں وزارت قانون نے معاملہ نیب کو بھجوایا تھا۔

مزید :

قومی -سیاست -علاقائی -اسلام آباد -