چینی وزیراعظم کے لیے وزیراعظم عمران خان کا خصوصی پیغام

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چین کے قومی دن کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کا نیک تمناﺅں کا اظہار۔ چینی ہم منصب لی کی جیانگ کے نام پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور چین اچھے ہمسائے، دوست، شراکت دار اور بھائی ہیں ۔ دونوں ملکوں کی دوستی ہر آزمائش میں پوری اتری ہے اور پاکستانی عوام کے دلوں میں چین کا ایک خاص مقام ہے۔
ٹائمز آف اسلام آباد کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ”ہم پاکستان کی ترقی کا رخ اس کے اساسی نظرئیے کے مطابق موڑنے کے اس سفر کے آغاز پر چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہش مند ہیں اوراس سلسلے میں ہمیں پاک چین اقتصادی راہداری جیسے منصوبوں کی اہمیت کا احساس ہے۔حالیہ عشروں میں چین کی نمایاں ترقی پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک مثال ہے۔ چین نے جس طرح کروڑوں لوگوں کو خطِ غربت سے اوپر اٹھایا یہ ایک ایسی کامیابی تھی جس پر پوری دیا رشک کرتی ہے۔“
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ”پاکستان اور اس کے عوام چین کے اس ترقی کے سفر میں اپنے دوست ملک کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ “ اپنے پیغام کے آخر میں وزیراعظم عمران خان نے چینی ہم منصب صحت مندی، خوش و خرم زندگی اور کامرانی کے لیے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ مستقبل قریب میں ان سے ملاقات کے خواہش مند ہیں۔