شام میں مشترکہ گشت کے لیے امر یکا کی ترک فوجیوں کو تربیت

برایس(سی پی پی)امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ شام کے تزویراتی اہمیت کے حامل منبج شہر اور اس کے اطراف میں مشترکہ گشت کے لیے امریکی فوج ترک فورسز کو تربیت فراہم کر رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ امریکی فوجی ٹرینر ترکی میں موجود ہیں جہاں وہ ترک فوجیوں کو شام میں مشترکہ گشت کی تربیت فراہم کررہے ہیں۔ عن قریب امریکی اور ترک فوج منبج میں مشترکہ کنٹرول سنھبالے گی۔خیال رہے کہ انقرہ اور واشنگٹن نے رواں سال جون میں منبج کے لیے ایک مشترکہ روڈ میپ پر اتفاق کیا تھا جس کے تحت امریکی حمایت یافتہ کرد ملیشیا کو منبج سے باہر نکالنا یا انہیں غیرمسلح کرنا بھی شامل تھا۔
واضح رہے کہ یہ شہر سنہ 2016 میں امریکی حمایت یافتہ کرد ملیشیا نے باغیوں سے آزاد کرایا تھا مگر ترکی کرد جنگجوں کو دہشت گرد قرار دیتا ہے۔ حال ہی میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے شکایت کی تھی کہ امریکا نے منبج کے حوالے سے طے شدہ روڈ میپ پر عمل درآمد نہیں کیا ہے۔