ٹیم سے ڈراپ ہونا محمد عامر کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگا: کپل دیو

دبئی(سی پی پی) بھارت کے سابق کپتان کپل دیو نے کہا ہے کہ ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ ہونا پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کو خواب غفلت سے جگانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اپنے ایک بیان میں کپل دیو کا کہنا تھا کہ بعض اوقات فاسٹ باؤلرز سہل پسند ہوجاتے ہیں، اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ عامر کیلئے ڈراپ ہونا فائدہ مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر محسوس کرتا ہوں کہ وہ ایک اچھا باؤلر ہے، اس میں قابلیت اور ٹیلنٹ موجود ہے، جب وسیم اکرم انھیں بہترین قرار دیتے ہیں تو میں ان کی تائید کرتا ہوں۔ٹیم سے ڈراپ ہونے پر محمد عامر اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے محنت کریں گے تو فارم میں واپس آجائیں گے۔