کیا ن لیگ سے مذاکرات چل رہے تھے ؟رانا مشہود کے بیان کے بعد پاک فوج کے ترجمان نے واضح اعلان کردیا

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے سابق صوبائی وزیر رانامشہود کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ معاملات ٹھیک ہونے کے بیان نے سیاسی میدان میں تہلکہ مچادیا ،حکمران جماعت کے رہنماﺅں نے بھی اس بیان کو تنقید کا نشانہ بنا یا جبکہ لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے اس بیان کے لا تعلقی کا اظہار کیا جبکہ دوسری جانب رانا ثنا اللہ نے بھی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس بیان کا پارٹی پالیسی سے کوئی تعلق نہیں لیکن اب ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی اس حوالے سے بیان جاری کردیا ہے ۔
تفصیل کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور باجوہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رانا مشہود کا بیان بے بنیاد اور افسوسناک ہے ،ایسے غیر ذمہ دارانہ بیا نات ملک کے استحکام کو متاثر کر سکتے ہیں ۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود نے دعویٰ کیا ہے کہ اگلے دو ماہ میں ن لیگ پنجاب میں حکومت بنا لے گی،معاملات کودرست کرنے میں شہبازشریف کابہت بڑاکردارہے، سٹیبلشمنٹ سے ہمارے معاملات ٹھیک ہو گئے ہیں ،شہبازشریف سب کو ساتھ لےکرچلتے ہیں،شہبازشریف ہمیشہ سے قابل قبول رہے ہیں اور اگلے مہنیوں میں پنجاب میں حالات بد ل سکتے ہیں،پنجاب میں پی ٹی آئی کی کم اکثریت ہے۔