جرمنی: دہشت گردی کا منصوبہ ناکام،6افراد گرفتار

جرمنی: دہشت گردی کا منصوبہ ناکام،6افراد گرفتار
جرمنی: دہشت گردی کا منصوبہ ناکام،6افراد گرفتار

  

برلن(سی پی پی)جرمن پولیس نے انتہائی دائیں بازو کی ایک شدت پسند تنظیم بنانے کے شبے میں 6 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گرفتار شدگان کی عمریں بیس سے تیس سال کے درمیان ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمن وفاقی دفتر استغاثہ نے بتایا کہ یہ گرفتاریاں مشرقی جرمن صوبے سیکسنی اور باویریا کے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران عمل میں آئیں اور اس کارروائی میں خصوصی کمانڈو دستوں نے پولیس کا ساتھ دیا۔ اس موقع پر پولیس نے بتایا کہ اس سلسلے میں 14 ستمبر کو ایک مشتبہ شخص کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ یہ افراد ریوولوشن کیمنٹز یعنی انقلاب کمینٹز نامی ایک شدت پسند تنظیم بنانے کی کوششوں میں تھے۔ اس کا مقصد غیر ملکیوں، سیاستدانوں اور سرکاری ملازمین کو نشانہ بنانا تھا۔

واضح رہے کہ کیمنٹز مشرقی جرمنی کا ایک شہر ہے، جہاں ابھی گزشتہ دنوں ایک جرمن شہری کی ہلاکت کے بعد شدید ہنگامہ آرائی ہوئی تھی۔ اس دوران خاص طور پر غیر ملکیوں پر حملے کیے گئے تھے۔ اگست کے ان واقعات کو حالیہ دہائیوں کے دوران جرمنی میں دائیں بازو کی شدید ترین ہنگامہ آرائی قرار دیا گیا ہے۔

مزید :

بین الاقوامی -