کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز میں فنی خرابی، سکھر سے واپس آنا پڑا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) کراچی سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہونے والی نجی ایئر لائن کی پرواز فنی خرابی کے باعث سکھر سے ہی واپس کراچی آگئی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق نجی ایئر لائن کی پرواز کراچی سے اڑان بھرنے کے ایک گھنٹہ 7 منٹ بعد واپس جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اتار لی گئی۔ پرواز کو فنی خرابی پیدا ہونے کے باعث سکھر سے واپس کراچی کی طرف موڑا گیا۔
ذرائع کے مطابق سیرین ائیرلائن کی پرواز ای آر 504 نے کراچی سے شام6 بج کر 20 منٹ پر اسلام آباد کے لیے ٹیک آف کیا، پرواز نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر 8 بج کر 30 منٹ پر لینڈ کرنا تھا مگر یہ خیرپور کے قریب پہنچی تو انجن نمبر ایک میں خرابی پیدا ہوگئی۔ پائلٹ نے کنٹرول ٹاور کو اطلاع دی جس پر اسے واپس کراچی پہنچنے کی ہدایت کی گئی، یوں ایک گھنٹہ 7 منٹ بعد سیرین ائیرلائن کی یہ پرواز شام 7 بج کر 27 منٹ پر کراچی ائیر پورٹ پر بحفاظت لینڈ کرگئی۔