وہ 5 کھلاڑی جو ٹی 20 ورلڈ کپ میں دھوم مچا سکتے ہیں، پاکستانی بھی شامل

وہ 5 کھلاڑی جو ٹی 20 ورلڈ کپ میں دھوم مچا سکتے ہیں، پاکستانی بھی شامل
وہ 5 کھلاڑی جو ٹی 20 ورلڈ کپ میں دھوم مچا سکتے ہیں، پاکستانی بھی شامل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( ویب ڈیسک ) ٹی  20 ورلڈ کپ رواں ماہ سے شروع ہو رہا ہے جس میں بھرپور ایکشن کیلئے تمام ٹیمیں تیار ہیں ۔ ایسے میں آئی سی سی نے 5 کھلاڑیوں کا ذکر کیا جو ایونٹ میں دھوم مچا کر میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ ان میں ایک پاکستانی کھلاڑی بھی موجود ہے ۔

ڈیوڈ وارنر (آسٹریلیا)

آئی سی سی  کی کرکٹ ویب سائٹ نے  پہلے نمبر پر آسٹریلیا  کے ڈیوڈ وارنر کا ذکر کیا  اور کہا کہ صرف گزشتہ برس پاکستان کے کپتان بابر اعظم ہی ان سے  زیادہ رنز بنا پائے ، تجربہ کار کھلاڑی ڈیوڈ وارنر ہوم گراؤنڈ پر زیادہ بہتر بلے باز ثابت ہوتے ہیں اور اس بار آسٹریلیا ہی  ایونٹ کا میزبان ہے ۔

 ڈیوڈ وارنر نے گزشتہ برس  ٹورنا منٹ میں 3 نصف سینچریاں سکور کیں ، 150 کے سٹرائیک ریٹ سے ان کے 289 رنز نے انہیں نمایاں کردیا۔ انہیں کی شاندار پرفارمنس کے باعث گزشتہ برس آسٹریلیا ٹی 20 ورلڈ کپ کا چیمپئن بنا۔

محمد رضوان ( پاکستان )

آئی سی سی کی جانب سے پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو بھی  گیم چینجر کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کیا گیاہے ۔ محمد رضوان  ٹی 20 میچز  کے نمبر ون بلے باز  ہیں ، انہوں نے کئی موقعوں پر  مخالف باؤلرز کا خوب امتحان لیا اور قوم کی امیدوں پر پورا اترے ، صورتحال کے پیش نظر انہیں نے کہیں فلک شگاف چھکے لگائے تو کبھی دوسرے سرے پر گرتی وکٹوں کو دیکھتے ہو تحمل مزاج بلے بازی سے وکٹ کو روکے رکھا ، کئی میچز جتوائے اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے ۔ آئی سی سی کی جانب سے محمد رضوان کو  ان 5 کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے جو رواں ماہ شروع ہونے والے  ٹی 20 ورلڈ کپ میں دھوم مچا سکتے ہیں ۔

 وینندو ہسرنگا (سری لنکا)

آئی سی سی نے میگا ایونٹ میں حیران کن کارکردگی دکھانے والے پانچ کھلاڑیوں میں سری لنکا کے آل راؤنڈر وینندو ہسرنگا کو بھی شامل کیا ہے ،  ہسرنگا  نے ایشیاء کپ میں کسی بھی باؤلر کی جانب سے سب سے زیادہ 16 وکٹیں حاصل کیں ، وہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ بھی قرار پائے جبکہ سری لنکا کے ایشیاء چیمپئن بننے میں ان کا بڑا ہاتھ ہے ۔ ہسرنگا اس وقت بھرپور فارم میں ہیں اسی لئے آئی سی سی نے انہیں بھی مخالفین کیلئے خطرناک ثابت ہونے والے 5 کھلاڑیوں  کی فہرست میں جگہ دی ہے ۔

جوزبٹلر (انگلینڈ)

جوز بٹلر اس وقت پنڈلی کی چوٹ سے مسلسل لڑ رہے ہیں مگر امید کی جاتی ہے کہ وہ میگا ایونٹ شروع ہوتے ہی اپنے ٹیم کی قیادت پھر سے سنبھالیں گے ،  آئی سی سی کے مطابق گزشتہ  12 ماہ میں دنیا بھر میں کوئی بھی کھلاڑی جوز بٹلر سے بہتر فارم میں نہیں ، جوز واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے گزشتہ سال متحدہ عرب امارات اور عمان میں ہونے والے  ایونٹ میں  سینچری بنائی ۔ جوز نے شارجہ میں سری لنکا کے خلاف شاندار ناقابل شکست  101 رنز بنائے ۔ اس کے علاوہ وہ آئی پی ایل کے اس سال کے ایدیشن کے دوران اور بھی بہتر فارم میں نظر آئے ، انہوں نے ایونٹ میں  تین مرتبہ  سینچری سکور کی اور مجموعی طور پر  863 رنز بنائے ۔

  سوریہ کمار یادو (بھارت)

آئی سی سی کی جانب سے بھارتی بلے باز سوریہ کمار یادو کو بھی خطرناک گیم چینجر میں شامل کیا گیا ہے ، سوریہ کمار یادو نے گزشتہ برس ہی ٹی 20  انٹرنیشنل میچز میں ڈیبیو کیا تھا مگر  32 میچز کی 30 اننگز میں 57 چھکوں اور 88 چوکوں کی مدد سے 976 رنز  بنا کر  اپنے خلاف کھیلنے والے ممالک کیلئے توجہ کا مرکز بن چکے ہیں ۔

خیال رہے کہ  ٹی 20ورلڈ کپ 2022 کا آغاز 16 اکتوبر سے ہو رہا ہے ، ایونٹ میں پاکستان روایتی حریف بھارت سے  23 اکتوبر کو ٹکرائے گا۔ میگا ایونٹ   آسٹریلیا میں کھیلا جا رہا ہے ،  45 میچز پر مشتمل ایونٹ کا فائنل  13 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان ، بھارت ، افغانستان ، ساؤتھ افریقہ ،  بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ ،انگلینڈ اور  میزبان آسٹریلیا  سپر 12 ٹیموں میں  شامل ہیں جبکہ  بقیہ آٹھ  میں سے 4 ٹیمیں آپس میں لڑنے کے بعد   سپر 12 میں شرکت کر سکیں گی ۔ ان 8 ٹیموں میں ایشیاء کپ کی فاتح سری لنکا ،  ویسٹ انڈیز ، سکاٹ لینڈ ، متحدہ عرب امارات ، آئرلینڈ، نیدر لینڈز  ،زمبابوے اور نمیبیا شامل ہیں ۔

مزید :

اہم خبریں -کھیل -T20 World Cup -T20 World Cup News Updates -