ژوب اور پارا چنار میں شہید ہونیوالے 5جوان فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک
راولپنڈی(این این آئی)ژوب اور پاراچنار میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاک فوج کے پانچ جوانوں کو فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق شہید اہلکار اٹھائیس اور انتیس ستمبر کو ژوب کے علاقے سمبازا اور پارا چنار میں دہشت گردوں کی فائرنگ کا شکار ہوئے تھے۔گزشتہ روز شہید حوالدار عبدالستار کا نماز جنازہ ڈیرہ غازی خان، لانس نائیک محمد عدنان کا ضلع ٹانک، لانس نائیک اعظم خان کا لکی مروت، لانس نائیک غیرت گل کا کرم ایجنسی جبکہ سپاہی ندیم خان کا کوہاٹ میں آبائی علاقوں میں ادا کیا گیا۔ نماز جنازہ میں عسکری و سول حکام، شہید کے عزیز واقارب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تمام شہدا کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔
سپرد خاک