قوم نے موقع دیا توگیس ، بجلی سمیت تمام صوبائی حقوق حاصل کرینگے، امیرحیدر ہوتی
پشاور(آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدرخان ہوتی نے کہا ہے کہ قوم نے موقع دیا تو گیس اور بجلی سمیت تمام صوبائی حقوق حاصل کریں گے۔ اے این پی کی ترجیح تعلیم ہے، سب سے پہلے صوبائی ہائرایجوکیشن کمیشن کا قیام یقینی بنائیں گے۔ مفت لیپ ٹاپس، ستوری د پختونخوا سکالرشپ، یونیورسٹیوں میں مفت تعلیم ہماری ترجیحا ت ہیں ۔ چکدرہ لوئر دیر میں پی کے 14 کے زیراہتمام ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیرحیدرخان ہوتی نے کہا پختونخوا میں 10سال کیلئے ایک بیماری مسلط کی گئی جس کی وجہ سے تعلیم سمیت پورا نظام تباہ کردیا گیا،اے این پی نے اضلاع کے وسائل کے آمدن مقامی تعلیم اور صحت پر خرچ کیا، اضلاع کا حصہ دوگنا کیا گیا۔آج پختونخوا کی تمام یونیور سٹیو ں کو مالی خسارے کا سامنا ہے۔ آئین کا آرٹیکل 158واضح کرتا ہے گیس پر پہلا حق اس صوبے کا ہے جہاں پیدا ہورہی ہے۔ پاکستان میں اس وقت آئین کی کھلی خلاف ورزی ہورہی ہے، ہم اپنا حق لے کر رہیں گے۔
امیر حیدر ہوتی