نائلہ کیانی دنیا کی چھٹی بلند ترین چوٹی سر کرنے میں کامیاب
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی 8 ہزار میٹر سے اونچی دنیا کی چھٹی بلند ترین چوٹی سر کرنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔الپائن کلب کی جانب سے جاری بیان میں نائلہ کیانی کو تبت میں واقع چو اویو نامی چوٹی سر کرنے پر مبارکباد دی گئی ہے۔
چو اویو چوٹی کی بلندی 8 ہزار 188 میٹر ہے جو دنیا کی چھٹی بلند ترین چوٹی ہے۔
الپائن کلب کے مطابق نائلہ کیانی کو چو اویو کی چوٹی تک پہنچنے میں 28 گھنٹے لگے جو انتہائی مشکل حالات میں ان کی ہمت اور مہارت کا ثبوت ہے۔نائلہ کیانی اب تک 8 ہزار میٹر سے بلند دس چوٹیاں سر کر چکی ہیں۔
رواں سال مئی میں نائلہ کیانی نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کے 48 گھنٹوں میں ہی دنیا کی چوتھی بلند ترین چوٹی سر کی تھی۔
انہوں نے لہوٹسے چوٹی سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
چین اور نیپال کے درمیان کوہ ہمالیہ میں واقع لہوٹسے چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ، کے ٹو اور کنگ چنجنگا کے بعد چوتھی بلند ترین چوٹی ہے۔
نائلہ کیانی کے ٹو کے علاوہ ماؤنٹ ایورسٹ، نانگا پربت، گیشر برم ون، گیشر برم ٹو، اناپورنا، لہوٹسے، براڈ پیک، مناسلو اور اب چو اویو بھی سر کر چکی ہیں۔
انہوں نے اپریل میں پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف کے ہمراہ نیپال میں واقع آٹھ ہزار 91 میٹر بلند چوٹی انا پورنا کو سر کیا تھا۔
دنیا کی بلند ترین چوٹیاں کے ٹو اور ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ہونے کا اعزاز ثمینہ بیگ نے سال 2013 اور 2022 میں اپنے نام کیا تھا۔
ثمینہ بیگ سات جزیروں میں واقع سات بلند چوٹیاں بھی سر کر چکی ہیں۔