حافظ نعیم، بیر سٹر گوہر ملاقات، 7اکتوبر کو مشترکہ غزہ ملین مارچ کا اعلان
اسلام آباد(این این آئی)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے ملاقات کی جس میں 7 اکتوبر کو مشترکہ احتجاج کا اعلان کیا گیا۔جماعت اسلامی کے وفد میں حافظ نعیم الرحمن کے علاوہ لیاقت بلوچ، نصراللہ رندھاوا اور میاں اسلم بھی شامل تھے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ تمام تر اختلافات سے بالاتر ہوکر فلسطین کیلئے ہمیں ایک ہونا ہے، پی ٹی آئی پاکستان کی بڑی جماعت ہے، ہم نے شروعات یہاں سے کی، پی ٹی آئی 7اکتوبر کیلئے ہمارے ساتھ نکلے گی، پاکستان کے مختلف حصوں میں ہم اپنا احتجاج ریکارڈ کریں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے وفد آیا ہے، ہم نے مختلف چیزوں پر گفتگو کی ہے، کوئی بھی ترمیم رات کے اندھیرے میں نہیں ہونی چاہئے، ہم عوام میں ایک ہی موقف لے کر چلیں گے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے غزہ کیلئے بہت کوشش کی اور کر رہی ہے، یہ پوری دنیا کا ایک مشترکہ مسئلہ ہے، ہم کوشش کریں گے کہ ہماری یہ ملاقاتیں جاری رہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی غزہ کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے 7 اکتوبر تک ہفتہ یکجہتی غزہ منا ئے گی جس میں ملک کے مختلف شہروں میں ملین مارچ کیے جائیں گیآج دو اکتوبر کو چترال،4 اکتوبر کو فیصل آباد میں ملین مارچ ہوگا، 7 اکتوبر کو پورا پاکستان فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کھڑا ہو،حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ7 تاریخ کو اسلام آباد میں غزہ ملین مارچ کیا جائے گا، ہم تمام سیاسی جماعتوں کو اس مارچ میں شرکت کی دعوت دیں گے، سفارت کاروں سے بھی اس مارچ کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔ غزہ اور فلسطین کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کیساتھ بیٹھنے کیلئے تیار ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو غزہ ملین مارچ میں شرکت کی دعوت دیں گے، غزہ میں جو ہورہا ہے ہم خاموش رہ کر تماشہ نہیں دیکھ سکتے۔،حافظ نعیم نے کہا کہ سپریم کورٹ میں تقسیم ختم ہونی چاہیے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے پاس سپریم کورٹ کی تقسیم روکنے کی کنجی ہے۔
غزہ ملین مارچ