شجاع آباد کے سات مزدوروں کی تدفین ہو گئی!
کشیدگی بلوچستان میں ہے صف ماتم جنوبی پنجاب میں بچھی ہے ہر دوسرے تیسرے مہینے اہلیان وسیب کو ان محنت کش مزدوروں کی میتیں وصول کرنا پڑتی ہیں جو جسم و روح کا رشتہ بر قرار رکھنے' بلوچستان' کراچی یا دیگر شہروں کا رخ کرتے ہیں ہفتہ رواں میں سانحہ پنچگور میں قتل ہونے والے 7مزدوروں کا امسال یہ چوتھا واقعہ ہے کہ اہلیان وسیب نے اپنے پیاروں کی میتیوں کو کاندھا دیا ہے سانحہ پنجگور جس میں ضلع ملتان کی تحصیل شجاع آباد کے 2گاؤں کے رہائشی رشتے دار محمد ساجد' محمد خالد' محمد سلمان' محمد افتخار' محمد شفیق' محمد رمضان اور فیاض محنت مزدوری کرنے گئے اور زندگی کی بازی ہار بیٹھے یہ ساتوں نوجوان پنجگور میں رہائش پذیر تھے مختلف مقامات پر محنت مزدوری کر کے رات ایک ہی جگہ اکٹھے ہوتے اس سانحہ میں خوش قسمتی سے زندہ بچ جانے والے بلال نے بتایا کہ وہ رات کا کھانا کھا رہے تھے کہ دو مسلح افراد مکان کی دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوئے اور ہم تمام آٹھوں کو دیوار کی طرف منہ کر کے کھڑے ہونے کا کہا ساتھ ہی فائرنگ شروع کر دی وہ خود تو بے ہوش ہو گیا جبکہ اس کے ساتوں ساتھی زندگی کی بازی ہار گئے سانحہ پر وزیراعظم میاں شہباز شریف' وزیراعلیٰ بلوچستان' سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز' چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے مذمتی بیانات دئیے جبکہ ان میں سے کوئی ایک بھی مقتولین کے ورثاء کی داد رسی کرنے شجاع آباد نہ پہنچا دریں اثناء سرائیکستان نوجوان تحریک نے مزدوروں کی ہلاکت کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا تحریک کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو جان و مال کا تحفظ فراہم کرنے میں نا کام ہو چکی ہے۔
ہفتہ رواں گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے ملتان جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مظفر گڑھ کا دورہ کیا دورہ ملتان میں گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے پیپلز پارٹی کے مقامی عہدیداروں اور ورکرز سے ملاقات کی خطے میں پارٹی کی تنظیم سازی کے حوالے سے ہدایات دیں جبکہ سٹی صدر نسیم لابر کی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں صرف بڑھکیں ماری جا رہی ہیں جبکہ صوبے میں امن و امان تباہ ہو چکا ہے قیام امن کے لیے پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو جس کے نتیجہ میں اتفاق رائے پیدا کرکے وفاق سے کے پی کے کا حق مانگا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وفاق نے این ایف سی ایوارڈ میں جو فنڈز کے پی کے کو دئیے ہیں وہ کہیں بھی خرچ ہوتے دیکھائی نہیں دیتے جس کا مطلب ہے کہ صوبے میں کرپشن کا بازار گرم ہے جبکہ روز گار ' ترقی سمیت ہر چیز تباہ ہے وزیراعلیٰ ناچ گانوں اور جلسوں میں مصروف ہیں دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ضلع مظفر گڑھ میں جھینگے کی فارمنگ کمپاؤنڈ کا افتتاح کیا اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کو بتایا گیا کہ جھینگے کی پرورش اور برآمد سے ملک کثیر زر مبادلہ کما سکتا ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ خطے میں خوشحالی چاہتی ہیں ان کی خواہش ہے کہ جنوبی پنجاب کی آبادی کو خطے میں ہی روز گار کے مواقع میسر آئیں تا کہ عوام محنت کر کے ترقی کی منازل حاصل کر سکیں۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی کال پر ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے اور دھرنا دیا گیا مظاہریں نے بجلی کی قیمتوں میں کمی اور مہنگائی کم کرنے کے بارے نعرے بازی کی مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت نے جماعت اسلامی کے اسلام آباد دھرنے میں جو وعدے کئے وہ پورے نہیں کئے گئے عوام کو عارضی ریلیف دے کر بجلی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ کر دیا گیا ہے آئندہ بجلی کے بلوں میں 100یونٹ سے زائد والے صارفین کے ساتھ وہ سلوک کیا جائے گا جو پہلے 200یونٹ سے زیادہ استعمال کرنے والے سے کیا جاتا تھا عوام حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف سراپا احتجاج ہے اور یہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جبکہ عوام کو ریلیف نہی ں دیا جاتا اور بجلی کے نرخوں میں کمی نہیں کی جاتی۔
دریں اثناء ملتان میں شیعہ علماء کونسل اور وحدت المسلمین کے زیر اہتمام سید حسن نصراللہ کی شہادت کے حوالے سے نواں شہر چوک پر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا مظاہرین نے فلسطین اور لبنان سے اظہار یکجہتی جبکہ اسرائیل کی جارحیت کے خلاف نعرے بازی کی۔
٭٭٭
پیٹ کے دوزخ کی خاطرمزدوری کے لئے جانے والے پھر قتل، پہلے بھی ایسا ہوا
مریم نواز نے مظفر گڑھ میں جھینگا فارم کا افتتاح کیا، پیداوار سے زرمبادلہ حاصل ہوگا
گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا دورہ ملتان، پیپلزپارٹی کی تنظیم پر
تبادلہ خیال، جماعت اسلامی کے مہنگائی کے خلاف اور شیعہ علماء کونسل،
مجلس وحدت المسلمین کا حسن نصراللہ کی شہادت پر احتجاج