پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں پیٹرول اور ڈیزل سستا ہونے پر کرایوں میں کمی کی جاتی ہے: عظمٰی بخاری 

Oct 02, 2024 | 04:15 PM

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے پیٹرول اور ڈیزل سستا ہونے پر پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کر دی گئی ہے ۔کرایوں میں 20 روپے سے 190 روپے تک کمی کی گئی ہے۔پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں پیٹرول اور ڈیزل سستا ہونے پر کرایوں میں کمی کی جاتی ہے۔  وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کی گئی ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد مسافروں کو ریلیف ملنا شروع ہو گیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ لاہور سے کراچی کے کرائے میں 190 روپے کمی کر دی ہے۔ لاہور سے پشاور تک کے کرائے میں 50 روپے کمی کر دی ہے۔  لاہور سے راولپنڈی کے کرائے میں 20 روپے کمی کر دی ہے۔ کرایوں میں کمی کو مانیٹر کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران فیلڈ میں موجود ہیں۔ تمام بس اڈوں پر نئے کرایہ ناموں کے بورڈ آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔ہم پنجاب کے ٹرانسپورٹرز حضرات کے بھی مشکور ہیں جو پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔  مسلسل پانچویں مرتبہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی کمی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کی حکومت آنے کے بعد پنجاب میں پیٹرول سستا ہونے پر کرایوں میں کمی ہو رہی ہے۔  باقی صوبوں کو بھی پنجاب حکومت کو فالو کرتے ہوئے پیٹرول و ڈیزل سستا ہونے پر کرایوں میں کمی کرنی چاہیے۔

مزیدخبریں