سوڈانی صدر کے طیارے کی لاہور ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ
لاہور (آن لائن) سوڈانی صدر کے طیارے کی چین جاتے ہوئے ایندھن کم ہونے پر لاہور ایئرپورٹ پر لینڈنگ ہوئی اور ری فیولنگ کے بعد عمر البشیر کا خصوصی طیارہ بیجنگ روانہ ہوگیا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق سوڈان کے صدر عمر البشیر کے خصوصی طیارے کو چین جاتے ہوئے فیول کم ہونے پر لاہور اتارا گیا۔ سوڈانی صدر کے طیارے کی لینڈنگ کی اطلاع ملنے پر گورنر پنجاب رفیق رجوانہ اور ڈی سی او لاہور سمیت اعلیٰ حکام نے ایئرپورٹ پرسوڈانی صدر کا خیر مقدم کیا اور سوڈانی صدر کو سٹیٹ گیسٹ میں قیام کی دعوت دی۔
ذرائع کے مطابق سوڈانی صدر نے لاہور ایئرپورٹ کی وی آئی پی لاؤنج میں ہی قیام کیا، طیارہ لینڈنگ کے ڈھائی گھنٹے بعد تیل بھروا کر لاہور سے بیجنگ روانہ ہو گیا۔ سوڈانی صدر کے ممکنہ قیام کے پیش نظر مال روڈ پر ایئرپورٹ سے سٹیٹ گیسٹ ہاؤس تک سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے۔