حریت کانفرنس کی طرف سے وزیراعظم نواز شریف کی بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کی بحالی کی خواہش کا خیرمقدم

حریت کانفرنس کی طرف سے وزیراعظم نواز شریف کی بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام ...

سرینگر(اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے پاکستان کے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی جانب سے بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے جامع مذاکرات کی بحالی کی خواہش کومسائل کے حل کیلئے سنجیدگی اور سیاسی بالغ نظری کا اظہار قراردیتے ہوئے بھارت کی سیاسی قیادت پر زوردیا ہے کہ وہ اپنی روایتی ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ رویے کو ترک کرتے ہوئے محمد نواز شریف کی خواہش پر مثبت رد عمل کا اظہار کرے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ پاکستان کے ساتھ ساتھ امریکہ سمیت پوری عالمی برادری زوردے رہی ہے کہ دونوں ہمسایہ ممالک کو اپنے مسائل کے حل کیلئے بامعنی مذاکرات کی راہ اختیار کرنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ کشیدگی کسی بھی طور جنوبی ایشیا اور عالمی امن کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس کی جانب سے مسائل کے حل کیلئے دونوں ممالک کو باہمی مذاکرات کی بحالی پر اصرار عالمی برادری کی تشویش کو ظاہر کرتا ہے

اور اس خطے کے امن اور استحکام کیلئے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے دونوں ممالک کی قیادت سیاسی دوراندیشی اور جرات مندی کا مظاہرہ کریں۔دریں اثنا حریت ترجمان کے مطابق حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی ہدایت پر حریت کانفرنس کا ایک وفد سرینگر کے JVCہسپتال گیا اور گزشتہ دنوں فوجیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں شدیدر زخمی ہونیوالے سجاد احمد میر کی عیادت کی۔وفد میں غلام نبی ذکی ، غلام قادر بیگ، مشتاق احمد صوفی ، شوکت احمد زرگراورشبیر احمد حلوائی شامل تھے۔

مزید : عالمی منظر