یو ایس اوپن ، سرینا ، ڈومنیکا اور اگنیگا دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں
نیویارک ( نیٹ نیوز) امریکہ کی نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز انکی بڑی بہن وینس ولیمز، سلواکیہ کی ڈومنیکا کیبلکووا، پولینڈ کی اگنیسکا راڈوانسکا اور روس کی اناستاسیا پاؤلیچنکوا اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت سال کے چوتھے گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں جبکہ سربیا کی جیلینا جانکووچ، اینا آئیونووچ اور ڈینیلا ہینچوا ابتدائی راؤنڈ میں ہار کر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔امریکہ میں جاری سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگلز مقابلوں میں امریکہ کی سرینا ولیمز نے روس کی ویٹالیا ڈیچنکو کو پہلے سیٹ میں بآسانی 6-0 سے شکست دی تھی دوسرے سیٹ میں مقابلہ 2-0 تک پہنچا تھا کہ روسی کھلاڑی فٹنس مسائل کے باعث مقابلہ جاری نہ رکھ سکیں اور میچ سے دستبردار ہوگئیں یوں عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز نے بآسانی میگا ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ امریکہ کی ہی وینس ولیمز نے پورٹو ریکو کی مونیکا پیگ کو 6-4، 6-7(7-9) اور 6-3 سے ہرا کر دوسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ سلواکیہ کی ڈومنیکا کیبلکووا نے سربیا کی اینا آئیوانووچ کو 6-3، 3-6 اور 6-3 سے مات دیکر دوسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا، پولینڈ کی آگنیسکا راڈوانسکا نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمہوریہ چیک کی کترینا سینیاکوا کو سٹریٹ سیٹس میں 6-2 اور 6-3 سے شکست دیکر اگلے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ روس کی اناستاسیا پاؤلیچنکوا نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے سلواکیہ کی مگدالیناریبارینکو کو سٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 7-5 سے ہرا کر میگا ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔