کراچی سٹاک مارکیٹ میں مندا ، انڈیکس 3نفسیاتی حدوں سے گر گیا

کراچی سٹاک مارکیٹ میں مندا ، انڈیکس 3نفسیاتی حدوں سے گر گیا

کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے حکومت مخالف بیان کے پیدا ہونے والے سیاسی تناؤ کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو اتار چڑھاؤ کے بعد مندی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس 34700.34600اور 34500کی نفسیاتی حدوں سے بیک وقت گرگیا ۔سرمایہ کاری مالیت میں53ارب21کروڑ روپے سے زائد کی کمی ، کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت0.13 فیصد زائد جبکہ67.33 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔حکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہاؤسز اور دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے سیمنٹ ،گیس اور پٹرولیم سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 34913پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا ۔تاہم گزشتہ روز پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جانب سے حکومت مخالف بیان سامنے آنے کے بعدپیدا ہونے والے سیاسی تناؤ نے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تذبذب کا شکار کردیا اور انہوں نے اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی جس کے باعث تیزی کے اثرات زائل ہوگئے ۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس270.17 پوائنٹس کمی سے34456.34 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر401 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے112 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 270 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 19کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں53 ارب21کروڑ91لاکھ 18ہزار 416 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر74 کھرب82 ارب62کروڑ17 لاکھ71 ہزار543 روپے ہوگئی۔ مجموعی طور پر35 کروڑ35 لاکھ37ہزار810 شیئرز کا کاروبار ہوا جو پیرکے مقابلے میں4 لاکھ87 ہزار100 شیئرززائد ہیں۔

قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے مری بریوری کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت48.81 روپے اضافے سے 1032.25 روپے،صفائر ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت43.00 روپے اضافے سے903.00 روپے پر بند ہوئی۔ نمایاں کمی یونی لیور فوڈز کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت288.00 پوائنٹس کمی سے7512.00 روپے جبکہ رفحان میظ کے حصص کی قیمت130.00 روپے کمی سے9125.00روپے پر بند ہوئی۔منگل کودیوا ن سیمنٹ کی سرگرمیاں4کروڑ36لاکھ 40 ہزار500 شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں جس کے شیئرز کی قیمت59پیسے اضافے سے17.81 روپے اورسوئی ناردرن گیس کی سرگرمیاں1 کروڑ53 لاکھ18 ہزار شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جس کے شیئرز کی قیمت1.65روپے اضافے سے34.65 روپے پر بند ہوئی۔منگل کو کے ایس ای 30 انڈیکس169.74 پوائنٹس کمی سے 21048.67 پوائنٹس،کے ایم آئی 30انڈیکس433.90پوائنٹس کمی سے 57401.12 جبکہ کے ایس ایس آل شیئرز انڈیکس159.00 پوائنٹس کمی سے 24186.61 پوائنٹس پر بند ہوئے۔

مزید : کامرس