لیڈی ایچی سن ہسپتال کے آپریشن تھیٹر چالو حالت میں ہیں،ڈاکٹر ثمینہ جبیں
لاہور(جنرل رپورٹرلیڈی ایچی سن ہسپتال کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ثمینہ جبین نے ہسپتال کے آپریشن تھیٹرز بند ہونے کی خبروں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لیڈی ایچی سن ہسپتال کے آپریشن تھیٹرز فنکشنل حالت میں ہیں اور مریضوں کے آپریشن بلاتعطل جاری ہیں۔ڈاکٹر ثمینہ جبین نے بتایا کہ ہسپتال میں چار آپریشن تھیٹرز ہیں جن میں سے ایک آپریشن تھیٹر مریض خواتین کے آپریشن کے بعد ریکوری روم کے طور پر استعمال ہوتا ہے جبکہ تین آپریشن تھیٹرز آپریشن اور دیگر پروسیجرز کیلئے استعمال ہوتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مریضوں کو انفیکشن سے بچانے اور ان کی صحت کا خیال رکھتے ہوئے گزشتہ روز آپریشن تھیٹرز کو جراثیم کش سپرے کے بعد تھوڑی دیر کیلئے بند کیا گیا تھا۔ بعدازاں آپریشن شروع کردیئے گئے تھے۔ ڈاکٹر ثمینہ جبین نے کہا کہ ہسپتال آنے والے مریضوں کا علاج معالجہ اور آپریشن تسلی بخش طریقہ سے جاری ہیں اور مریضوں کو دیگر ہسپتالوں میں منتقل نہیں کیا جا رہا۔