پاکستان پر مقبوضہ کشمیر میں مشکلات پیدا کرنے کا الزام،بھارتی آرمی چیف نے فوج کو مختصر جنگ کیلئے تیار رہنے کا حکم دیدیا

پاکستان پر مقبوضہ کشمیر میں مشکلات پیدا کرنے کا الزام،بھارتی آرمی چیف نے فوج ...

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک+آئی این پی )بھارتی آرمی چیف جنرل دلبیر سنگھ نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جموں وکشمیر میں بدامنی پھیلانے اور بھارت کیلئے مشکلات پیدا کرنے کیلئے نئے طریقے استعمال کررہا ہے ،بھارتی فوج کو مختصر جنگ کیلئے ہمہ وقت تیار رہنے کی ضرورت ہے ۔ نئی دہلی میں 1965 کی پاک بھارت جنگ کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کو مختصر جنگ کیلئے ہمہ وقت تیار رہنے کی ضرورت ہے ،پاکستان بار بار کنٹرول لائن کی خلاف ورزیاں کرکے جموں وکشمیر میں بھارت کیلئے مشکلات پیدا کررہا ہے ۔مغربی پڑوسی کی جانب سے بار بار جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور دراندازی کے واقعات کے باعث سرحدیں ہروقت سرگرم رہتی ہیں۔جموں وکشمیر میں بدامنی پیدا کرنے کیلئے نئے نئے طریقوں کا استعمال کیا جارہا ہے ۔انھوں نے کہاکہ ہم مستقبل میں مختصر نوعیت کی جنگ کے خطرے سے واقف ہیں اس لیے ہمیں ہروقت تیار رہنے کی ضرورت ہے ۔ پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں اضافے کے بعد بھارتی فوج کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ہمارے لیے خطرات اور چینلجز میں مزید پیچیدگیاں پیدا ہورہی ہیں۔

مزید : صفحہ اول