3برس کے دوران 20لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے ،شہباز شریف

3برس کے دوران 20لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے ،شہباز شریف

لاہور (جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا روشن مستقبل اور قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں بااختیار بنا کر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کیا جاسکتا ہے ۔پنجاب حکومت نے نوجوانوں کے روشن مستقبل اور انہیں بااختیار بنانے کے پروگراموں کیلئے مالی سال 2015-16ء کے بجٹ میں اربوں روپے مختص کیے ہیں۔آئندہ 3 برس کے دوران صوبے میں 20لاکھ نوجوانوں کومارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مختلف فنون کی تربیت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور اس ضمن میں نوجوانوں کو اندرون اوربیرون ملک روزگار کے قابل بنانے کیلئے فنی تربیت کا بڑا پروگرام ترتیب دیا گیاہے۔ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اب تک ہزاروں نوجوانوں کو فنی تربیت دی جاچکی ہے اوراس شاندار پروگرام کا دائرہ کار صوبے کے تمام اضلاع تک پھیلایا جارہا ہے ۔ہنر مند افرادی قوت کسی بھی ملک کی معیشت کو مضبوط کرنے میں کلیدی اہمیت رکھتی ہے ، یہی وجہ ہے کہ پنجاب میں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند فورس تیار کرنے پر خصوصی توجہ مرکوزکی گئی ہے ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہارلندن میں پاکستان مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت اپنے منشور کے مطابق نوجوانوں کی فلاح اور ترقی کیلئے انقلابی پروگرام پر عمل پیرا ہے ۔بے روزگار نوجوانوں کیلئے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا کیے جارہے ہیں۔ 31ارب روپے کی لاگت سے اپنا روزگار سکیم کے تحت نوجوانوں میں 50ہزار گاڑیاں نہایت شفاف طریقے سے تقسیم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں نوجوانوں کی ترقی کے پروگراموں پر بھر پور توجہ دی گئی ہے اورنوجوانوں کی فلاحی سکیموں کیلئے بجٹ میں اربوں روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلی تعلیمی نتائج حاصل کرنے والے نوجوانوں میں لیپ ٹاپ سکیم کیلئے ساڑھے پانچ ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔پنجاب حکومت پہلے بھی نوجوانوں میں میرٹ اورصرف میرٹ کی بنیاد پر اربوں روپے کے لیپ ٹاپ تقسیم کرچکی ہے اوران لیپ ٹاپس کے ذریعے نوجوان جدید علوم سے آراستہ ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوتھ انٹرن شپ پروگرام کیلئے 2ارب جبکہ ’’خود روزگار سکیم‘‘ کیلئے بھی 2ارب روپے رکھے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان خوش قسمت ملک ہے جس کی 60فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے او ر یوتھ کو بااختیار بنانے کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔نوجوانو ں کو با اختیار بنانا اور روز گار کے مواقع کی فراہمی پنجاب حکومت کی گروتھ سٹریٹجی کا اہم جز ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے تعلیمی فنڈ کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد ایسے ذہین بچے اپنی تعلیمی پیاس بجھا رہے ہیں جن کے والدین اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے وسائل نہیں رکھتے۔ بلاشبہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے بے وسیلہ ذہین طلباء وطالبات اعلیٰ تدریسی اداروں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے فنی تعلیم کے فروغ کیلئے موثر اقدامات کیے ہیں ۔ پنجاب حکومت کے نوجوانوں کی ترقی کیلئے کیے گئے اقدامات اورانہیں بااختیار بنانے میں سود مند ثابت ہوں گے۔وفد کے اراکین نے نوجوانوں کی ترقی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے اقدامات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کی ترقی کے پروگراموں کیلئے خطیر فنڈز مختص کیے ہیں ۔نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے پروگراموں سے نوجوان نسل کو فائدہ ہوگا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبے کے بعض شہروں میں پٹرول کی عدم دستیابی کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھرمیں پٹرولیم مصنوعات کی نئے مقررکردہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے اور کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول، صوبائی انتظامیہ، کمشنرز اور ڈی سی اوز پٹرولیم مصنوعات کی نئے نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائیں تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ عوام کو پٹرول یاڈیزل کی عدم دستیابی کی شکایت نہیں ہونی چاہیے۔عوام کو پٹرول کی مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول یا ڈیزل کی عدم دستیابی پر فوری ایکشن لیا جائے اور اوور چارجنگ پر پٹرول پمپ مالکان کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ڈینگی کے مرض کی روک تھام کیلئے مربوط اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی کیلئے وضع کردہ پلان پر موثر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے متاثرہ علاقوں بالخصوص راولپنڈی پر خصوصی توجہ دی جائے۔تمام متعلقہ ادارے، محکمے اور انتظامیہ ڈینگی کے مرض کی روک تھام کیلئے فعال طریقے سے فرائض سرانجام دیں اور ڈینگی کے مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کو راولپنڈی جا کر خود صورتحال کا جائزہ لینے اور فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔

مزید : صفحہ اول