اسحاق ڈار پراپیگنڈا کرنیوالوں کیخلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں، اشتر اوصاف

اسحاق ڈار پراپیگنڈا کرنیوالوں کیخلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ...

اسلام آباد( خصوصی رپورٹ) وزیر اعظم کے خصوصی معاون برائے قانون اشتر اوصاف علی ایڈووکیٹ نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف سابق صدر آصف علی زرداری کے الزامات کو بد قسمتی قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ ایسے لگتا ہے جیسے انہیں حقائق کے بارے میں علم نہیں اور ان سے یہ بیان غلط مشورہ دے کر جاری کرایا گیا ہے۔ اشتر اوصاف علی نے ایک بیان میں کہا کہ حدیبیہ پیپر ملز کیس لاہور ہائیکورٹ نے خارج کر دیا تھا اور اسے سلسلے میں الزام کو غیر قانونی قرار دیا تھا، یہ فیصلہ حتمی ہے اس لیے اس موضوع پر گمراہ کن پراپیگنڈہ ختم کیا جانا چاہیے،1996ء میں ہائی کورٹ کی طرف سے حدیبیہ پیپر ملز کیس خارج کیے جانے کے باوجود بعض عناصر اپنے مذموم مقاصد کے لیے اس کیس کا ذکر کرتے ہیں، اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ کے خلاف گمراہ کن مہم بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔وزیر اعظم کے خصوصی معاون نے اسحاق ڈار کے خلاف مہم چلانے والوں سے کہا کہ وہ وزیر خزانہ کے بارے میں پراپیگنڈا سے باز رہیں۔ اگر کسی نے اسحاق ڈار کے خلاف پراپیگنڈا جاری کر رکھا تو وہ اس کذاب کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ یہ کارروائی نہ صرف دیوانی عدالتی کارروائی تک محدود ہو گی بلکہ پاکستان کے باہر اور اندر فوجداری کارروائی بھی کی جائے گی۔

مزید : صفحہ اول