سب جانتے ہیں نواز شریف کی اجازت کے بغیر سندھ میں کیسے آپریشن ہوسکتا ہے، خورشید شاہ

سب جانتے ہیں نواز شریف کی اجازت کے بغیر سندھ میں کیسے آپریشن ہوسکتا ہے، ...

اسلام آباد(آن لائن) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ تمام ادارے وزیراعظم کے کنٹرول میں ہیں ان کی اجازت کے بغیر سندھ میں کارروائی نہیں ہوسکتی ، الیکشن کمیشن کے اراکین قوم سے معافی مانگ کر باعزت طریقے سے استعفے دے دیں ، 9لاکھ روپے عزت سے بڑھ کر نہیں ہوتے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ میرے جنگ لڑنے کا مطلب بندوق نہیں بلکہ لفظوں کی جنگ ہے ،اسمبلیوں میں بیٹھ کر اپنی جنگ لڑیں گے وزیراعظم نواز شریف ملک کے سربراہ ہیں اور سب جانتے ہیں ان کی اجازت کے بغیر سندھ میں کیسے آپریشن ہوسکتا ہے ۔ خورشید شاہ نے کہا ہے کہ صرف عاصم کو ہی نہیں پنجاب کے دہشتگرد وزیر کو بھی پکڑنا چاہیے ،قانون کا اطلاق امتیازی طور پر نہیں ہونا چاہیے ،آئین اور قانون کو ختم کر کے اپنے قانون نہ چلائیں۔انہوں نے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی گرفتاری پر وزیر اعظم سے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھر کا بچہ اگر لڑتا ہے ذمہ دابڑے ہوتے ہیں،نواز شریف گھر کے بڑے ہیں وہ حالات کیوں نہیں سنبھالتے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس پر نہیں جاؤں گا کہ جو کچھ ہو رہا ہے اس کا نواز شریف کو پتہ ہے یا نہیں،پیپلزپارٹی کرپشن کو سپورٹ نہیں کرتی۔خورشید شاہ نے کہا کہ ماہانہ نو لاکھ عزت کے آگے کچھ نہیں الیکشن کمیشن کے ممبران مستعفی ہو جائیں ،الیکشن کمیشن کے ارکان کم از کم قوم سے معافی ہی مانگ لیں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے چار ارکان وہ بات بتا دیں جو ان کے خلاف کی ہو۔انہوں مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونیوالی معمولی کمی کو مسترد کرتے ہیں ،عوام کو ریلیف دیا جانا چاہیے۔

مزید : صفحہ اول