بلاول بھٹو کرپشن میں گرفتار افراد سے اعلان تعلقی کرسکتے ہیں

بلاول بھٹو کرپشن میں گرفتار افراد سے اعلان تعلقی کرسکتے ہیں

  

کراچی : ۔تجزیہ مبشر میر

سابق صدر آصف علی زرداری کی جارحانہ بیان بازی کارگر ہوتی دکھائی نہیں دیتی ۔دہشت گردوں کو مالی معاونت کرنیوالے افراد نیشنل ایکشن پلان کے تحت دھر لئے جائیں گے ۔کوئی سیاسی جماعت یا گروپ اپنے عہدیداروں کو بھی بچا نہیں پائے گا ۔انتہائی باوثوق ذرائع سے اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ کرپشن اور دہشت گردوں کے گٹھ جوڑ کی سازش بے نقاب ہونے کے بعد بااثر ترین افراد کی ایک لسٹ تیار کی جاچکی ہے جس میں ایک خاتون سیاستدان کا بھی نام ہے ۔مذکورہ فہرست وزیراعظم کے علم میں لائی جاچکی ہے ۔آئندہ چند روز میں مزید ہائی پروفائل شخصیات گرفتار کرلی جائیں گی ۔ڈاکٹرعاصم حسین جس تیزی سے راز اگل رہے پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت اس سے خوفزدہ ہے ۔اس وقت پیپلزپارٹی سٹریٹ پاور کھوچکی ہے ۔یہی وجہ ہے کہ سابق صدر محض جارحانہ بیان سے کام چلانے کی کوشش کررہے ہیں ۔پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا موقف اس سے مختلف دکھائی دے رہا ہے ۔اس بات کا امکان دکھائی دیتا ہے کہ کرپشن میں گرفتار ہونے والے افراد سے بلاول بھٹو اعلان لاتعلقی کردیں گے ۔اس کے بعد وہ پارٹی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس میں اختیارات مکمل طور پر ان کے اپنے ہاتھ میں ہوں گے ۔یہ بات حیران کن ہے کہ بعض ٹی وی چینلز بے جا طور پر سابق صدر کے بیان کو ہوا دے رہے ہیں تاکہ دونوں پارٹیوں میں اختلافات ابھریں ۔یہ دکھائی دیتا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کو متاثر کرنے کی یہ دانستہ کوشش ہے ۔

مزید :

تجزیہ -