سید امیر حیدر ایڈووکیٹ کے قتل پر وکلاء نے یوم سیاہ منایا
لاہور (نامہ نگار ) کراچی میں وکیل سید امیر حیدر کے قتل کے حوالے سے لاہور کے وکلاء نے یوم سیاہ منایا۔ لاہور ہائی کورٹ میں بھی وکلاء 11بجے کے بعد عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے ۔وکلاء نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وکلا کی جان ومال کے تحفظ کویقینی بنایا جائے۔ لاہور ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کے صدر مسعود چشتی نے کراچی میں امیر حیدر ایڈووکیٹ کی ہلاکت پر کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ملک بھر کے وکلا اپنے ساتھی وکیل کی ہلاکت پر دکھی ہیں۔اجلاس میں کہا گیا کہ وکلاء کو ان کی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں سے روکا جا رہا ہے ،جتنا بڑا کیس ہوتا ہے متعلقہ وکیل کی جان کو اتنا ہی زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قتل ہونے والے سید امیر حیدر شاہ کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ لاہوربار کے صدر اشتیاق احمد خان نے کہا کہ وکلاء کا ٹارگٹ کر کے قتل کرنا انتظامیہ کی ناکامی ہے ،دہشت گرد کھل کھیل رہے ہیں ،ملک بھر کے وکلاء اکٹھے ہیں ،وکلاء کے قاتلوں کی گرفتاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔