ملک میں عدم استحکام سے آپریشن ضرب عضب متاثر ہو گا ،رانا ثنا اللّٰہ

ملک میں عدم استحکام سے آپریشن ضرب عضب متاثر ہو گا ،رانا ثنا اللّٰہ

لاہور( نمائندہ خصوصی)پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنااللہ خاں نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری نے ہمیشہ مفاہمتی سیاست کی بات کی مگر کبھی کبھی وہ جذبات میں آجاتے ہیں انہوں نے پہلے بھی مسلح افواج کے بارے میں ایک جذباتی بیان دیا اور اب انہیں ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری پر دکھ ہوا جس پر ان کا حالیہ بیان آیا۔ وہ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی پر ماضی میں بھی کرپشن کے الزامات لگتے رہے ہیں اورنیب نے ڈاکٹر عاصم کو کرپشن کے الزامات پر ہی تحویل میں لیا ہے ہم یہ کہتے ہیں کہ میرٹ پر تفتیش ہونی چاہئے اگر ڈاکٹر عاصم کو گرفتار کرنے کیلئے دہشت گردوں کی مالی معاونت کا راستہ نکالا گیا تو یہ بڑی بد قسمتی ہے کیونکہ جب بھی اس طرح کے الزامات لگا کر سیاستدانوں کے خلاف کارروائیاں ہوئیں ان کا انجام اچھا نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوج ضرب عضب آپریشن کی کامیابی کیلئے کام کر رہی ہے اور اگر ملک میں عدم استحکام پیدا ہوگا تو آپریشن ضرب عضب متاثر ہو گا حالانکہ پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں اور قوم نے نے فوج و رینجرز کو دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کا مینڈیٹ دیا۔ ایک سوال کے جواب پر ان کا کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ دھرنوں کی بجائے ایشوز کی سیاست کی جائے رانا مشہود اور یوسف رضا گیلانی کے ڈپٹی سیکرٹری پر الزامات سے متعلق سوال پر رانا ثناء اللہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ کہاں رانا مشہود کا ٹیپ سکینڈل اور کہاں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے ڈپٹی سیکرٹری کے انکشافات رانا مشہود کے مطابق وہ رحمان ملک کی انکوائری میں بے گناہ ثابت ہو چکے ہیں حالانکہ میں سابق وزیر داخلہ کی انکوائریوں پر یقین نہیں رکھتا۔

مزید : صفحہ آخر