عوام حکمرانوں کی اصلیت سے واقف ہیں بہکاوے میں نہیں آئینگے ،عبدالعلیم

عوام حکمرانوں کی اصلیت سے واقف ہیں بہکاوے میں نہیں آئینگے ،عبدالعلیم

لاہور(نمائندہ خصوصی)تحریک انصا ف کے لاہور سے این اے 122سے اُمیدوار قومی اسمبلی عبدالعلیم خا ن نے کہا کہ اڑھائی برسوں تک سیر سپاٹے کرنے والے اب سرکاری فنڈز کی جعلی ترقیاتی سکیموں کے ذریعے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے ،نواز لیگ اپنے انتخابی وعدوں کے بر عکس لوڈشیڈنگ ،بے روزگاری اور امن و امان جیسے بنیادی مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے اور آج عام آدمی پہلے سے زیادہ پریشان دکھائی دیتا ہے پی پی 147سے پی ٹی آئی کے اُمیدوار شعیب صدیقی کے ہمراہ میاں میر کالونی میں انتخابی دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ انتخابی شیڈول کا اعلان ہونے سے پہلے ہی حکومت نے این اے 122اور پی پی 147میں سرکاری خزانے کے منہ کھول دیے ہیں لیکن عوام موجودہ حکمرانوں کی اصلیت سے بخوبی واقف ہیں اور وہ دوبارہ ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے ،اپنے خطاب میں پی پی 147سے پی ٹی آئی کے اُمیدوار شعیب صدیقی نے کہا کہ تحریک انصاف کے مقابلے کیلئے نواز لیگ سر جوڑے بیٹھی ہے اور اسے خود ساختہ سابقہ ایم پی اے کو دوبارہ عوا م کے سامنے لانے کی جرات نہیں ہو رہی ۔دریں اثناء عبدالعلیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کی این آر او زدہ مفاہمت کی ہنڈیا بیچ چوراہے میں پھوٹ چکی ہے اور ایک دوسرے کی کرپشن کو تحفظ دینے کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں ،اب عوام کے سامنے بڑے بڑے انکشافات ہونگے ۔عبدالعلیم خان اور شعیب صدیقی نے اس موقع پر کاشف منظور کی طرف سے قائم کردہ انتخابی دفتر کا افتتاح کیا۔

مزید : صفحہ آخر