چین کی درخواست پر پاکستان کی ’مشرقی ترکستان موومنٹ ‘ کیخلاف کارروائی ، سب ماردیئے: صدر ممنون حسین

چین کی درخواست پر پاکستان کی ’مشرقی ترکستان موومنٹ ‘ کیخلاف کارروائی ، سب ...
چین کی درخواست پر پاکستان کی ’مشرقی ترکستان موومنٹ ‘ کیخلاف کارروائی ، سب ماردیئے: صدر ممنون حسین

  

بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین اور پاکستان لازوال دوستی کے رشتے میں بندھے ہیں اور اس دوستی کا تقاضا ہے کہ دونوں ایک دوسرے کے وجود کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے بھی اقدامات کریں۔ چین کے پاکستان کی سرحد سے ملحق صوبے ژن جیانگ میں ”مشرقی ترکستان موومنٹ“ نامی علیحدگی پسند تحریک چل رہی ہے اور اس تحریک کے شدت پسند پاکستانی علاقوں میں بھی پناہ لیتے تھے۔ چین نے پاکستان سے ان شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کی درخواست کی تھی جس پر پاکستان نے ان کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے دوستی کا حق ادا کیا اوراب پاکستان نے چین کو باقاعدہ آگاہ کر دیا ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر موجود یوغور باغیوں کا قلع قمع کر دیا گیا ہے۔یہ یقین دہانی صدرمملکت ممنون حسین نے اپنے حالیہ دورہ¿ چین کے دوران چینی حکام کو کروائی۔

گریٹ ہال آف دی پیپلز میں صدرمملکت ممنون حسین نے اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات کی اور بتایا کہ پاکستانی افواج دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضربِ عضب کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپریشن ضربِ عضب کے تحت ہی یوغور باغیوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں اور ان کا پاکستان سے مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے اور اگر کوئی باقی رہ گئے ہیں تو ان کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی فولاد سے زیادہ مضبوط ہے اور دونوں ممالک ایک دوسرے کی کسی بھی قسم کی معاونت میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھتے۔واضح رہے کہ صدرمملکت ممنون حسین دوسری جنگ عظیم کے خاتمے کی تقریبات میں شرکت کے لیے چین میں موجود ہیں۔

مزید : بین الاقوامی