ایک ہفتے میں زمین نہ ملی تو بیدیاں میں ہسپتال کی تعمیر کریں گے، کبھی منی لانڈرنگ میں ملوث نہیں رہی :میرا

ایک ہفتے میں زمین نہ ملی تو بیدیاں میں ہسپتال کی تعمیر کریں گے، کبھی منی ...
ایک ہفتے میں زمین نہ ملی تو بیدیاں میں ہسپتال کی تعمیر کریں گے، کبھی منی لانڈرنگ میں ملوث نہیں رہی :میرا

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)اداکارہ میرا نے کہاہے کہ ہسپتال کے پراجیکٹ کے لئے ایک سال قبل زمین عطیہ کی گئی تھی لیکن ایک سال بیت جانے کے باوجود جگہ کی نشاندہی نہیں کرائی گئی ،جس کے باعث ہسپتال کی تعمیر کا کام شروع نہیں ہو سکا، اگر مزید ایک ہفتے تک جگہ کی نشاندہی نہ ہوئی تو وہ بیدیاں روڈ پر ہسپتال کیلئے عمارت کی تعمیر شروع کردی جائے گی ، فن کار امن کے سفیر ہوتے ہیں کبھی منی لانڈرنگ میں ملوث نہیں رہی ۔

وہ لاہور پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کر رہی تھیں۔اس دوران انہوں نے کہا کہ وہ6ماہ سے زمین عطیہ کرنے والے صاحب ارشد گھمن سے رابطہ میں ہیں کہ زمین کی نشاندہی کروا ئی جائے لیکن وہ جواب نہیں دے رہے ۔ اس کا مطلب ہے کہ وہ زمین نہیں دینا چاہتے اور ہسپتال شروع نہ کرنے کا سارا الزام ان پر اور ان کی ٹیم پر آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج رات یا کل سیالکوٹ جا کر ارشد گھمن جنہوں نے زمین عطیہ کی سے ملنے کی کوشش کریں گی اور اگروہ نہیں بھی دیناچاہتے تو میڈیا پر بیان جاری کردیں ،وہ بیدیاں میں واقع ایک زمین دیکھ چکی ہیں، زمین نہ ملنے کی صورت میں وہاں پر ہسپتال کی تعمیر کا کام شروع کر دیا جائے گا۔

پریس کانفرنس کے دوران وہ ایک صحافی کے ذاتی سوال پوچھنے پر وہ ناراض ہو گئیں اور جھاڑ پلانے کے بعد بالآخر پریس کانفرنس ادھوری چھوڑ کر چلی گئیں۔

مزید : تفریح