متحدہ عرب امارات میں رہنے والے ہوشیار ہو جائیں، اس ایک موضوع پر مذاق بھی آپ کو جیل پہنچا سکتا ہے

متحدہ عرب امارات میں رہنے والے ہوشیار ہو جائیں، اس ایک موضوع پر مذاق بھی آپ ...
متحدہ عرب امارات میں رہنے والے ہوشیار ہو جائیں، اس ایک موضوع پر مذاق بھی آپ کو جیل پہنچا سکتا ہے

  

دبئی سٹی (مانیٹرنگ ڈیسک) بعض بدقسمت ممالک ایسے بھی ہیں کہ جہاں لوگوں کی بڑی تعداد دہشت گرد گروپوں کے ساتھ تعلق پر فخر محسوس کرتی ہے مگر کچھ ممالک میں اس لعنت کے ساتھ تعلق کا بطور مذاق اظہار بھی سخت ترین ردعمل کا باعث بن سکتا ہے۔ متحدہ عرب امارات بھی ایک ایسی ہی اچھی مثال ہے جہاں دہشت گردی کو بدترین لعنت قرار دیا گیا ہے اور دبئی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر اگر کوئی شخص مذاق میں بھی کسی شدت پسند گروپ سے تعلق کا اظہار کرتا پایا گیا تو اسے قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

نیوز سائٹ albwaba.com کے مطابق دبئی پولیس کی الامین سروس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ غیر ذمہ دارانہ رویہ ملکی سلامتی کیلئے خطرہ ثابت ہوسکتا ہے لہٰذا شدت پسندی اور دہشت گردی سے تعلق کے مذاق سے باز رہیں۔ پولیس نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مثال کے طور پر کوئی شخص اپنے دوستوں کو خوفزدہ کرنے کیلئے خود کو کسی مخصوص گروپ کا حصہ ظاہر کرسکتا ہے اور ایسی حرکت پر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

الامین سروس کے ذریعے عوام ہمہ وقت پولیس سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ پولیس کی طرف سے یہ تاکید بھی کی گئی ہے کہ نامعلوم نمبر سے کال آنے کی صورت میں اپنا نام پتہ وغیرہ ہرگز نہ دیں، اور خصوصاً بیرون ملک سے آنے والی کال کے جواب میں اپنی زاتی معلومات ہرگز نہ دیں۔

مزید : ڈیلی بائیٹس