شہر بکرا منڈی بن گیا ،کانگو وائرس پھیلنے کا خدشہ

شہر بکرا منڈی بن گیا ،کانگو وائرس پھیلنے کا خدشہ

لاہور(جاوید اقبال)صوبائی دارالحکومت کو ٹاؤنوں کی انتظامیہ کی نا اہلی اور ملی بھگت سے شہر قربانی کے جانوروں کی منڈیوں میں تبدیل ہو گیا ہے ۔بیوپاری قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لئے قائم کئے گئے خصوصی مراکز سے اپنے جانوروں کو شہر کے اندر لے آئے ہیں یہ بیوپاری گلی کوچوں محلوں بازاروں سڑکوں پر گروپس کی شکل میں موبائل بکرا منڈیاں قائم کئے ہوئے ہیں جس سے شہر میں کانگو وائرس پھیلنے کے خطرات لاحق ہو گئے ہیں دوسری طرف شہر میں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کرنے پر پابندی عائد ہے اور اس کے لئے ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144نافذ کر رکھی ہے ۔خلاف ورزی کرنے والے بیوپاریوں کے خلاف مقدمات درج کروانے اور جانوروں کو شہر بدر کرنے کی ذمہ داری شہر کے 9ٹاؤنوں کو سونپ رکھی ہے جو اس پر عمل درآمد کروانے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں ۔بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ بارشوں اور مہنگائی کے باعث قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لئے شہر سے باہر قائم کئے گئے خصوصی مراکز میں خریداروں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے اور صبح سے شام تک اکا دکا جانور فروخت ہوتے ہیں جس سے ان کے اخراجات میں اضافہ ہو گیا ہے اور حالات نقصان کی جانب جا رہے ہیں اس خوف سے وہ اپنے جانور شہر میں لے آئے ہیں واضح رہے کہ صحت اور لائیو سٹاک کے ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا تھا جس کی رپورٹ پنجاب حکومت کو پیش کی جا چکی ہے کہ قربانی کے جانوروں میں کانگو وائرس موجود ہو سکتا ہے جو جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہو سکتا ہے لہذا جانوروں کو شہری آبادی سے دور رکھا جائے اور جانوروں کی لاہور آمد سے قبل ان پر کانگو وائرس کا سپرے بھی کیا جائے لیکن اس پر عمل نہیں کیا جا رہا ۔ بتایا گیا ہے کہ شہر کے قریب و جوار اقبال ٹاؤن میں شاہ پور کانجرہ ،واہگہ ٹاؤن میں الحفیظ گارڈن فیز 2،ڈی ایچ اے فیز 9،داتا گنج بخش ٹاؤن ،سگیاں روڈ ،نشتر ٹاؤن ،پنجاب گورنمنٹ ایمپلائز کو آپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی فیز 2بلاک 15،راوی ٹاؤن میں عثمان غنی روڈ مین سگیاں کے مقامات پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے مراکز قائم کر رکھے ہیں ۔ اس سلسلے میں ڈی سی او لاہور کیپٹن عثمان کا کہنا ہے کہ شہر میں ایسے ٹاؤن جن کی حدود میں جانور غیر قانونی طور پر رکھے گئے ہیں ایسے ٹاؤنوں کی انتظامیہ کے خلاف کارروائی ہو گی ۔بیوپاری اپنے جانور فوری طور پر شہر سے نکال لیں ورنہ بحق سرکار ضبط کر لیں گے ۔شہر کے داخلی راستوں پر چوکیاں قائم کی گئی ہیں جن میں جانوروں پر سپرے کیا جاتا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...