ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی بادامی باغ آٹو مارکیٹ میں صفائی مہم

ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی بادامی باغ آٹو مارکیٹ میں صفائی مہم

لاہور(جنرل رپورٹر) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی ) اور ترک کمپنی البیراک کے زیر اہتمام شہر کی مصروف ترین و اہم آٹو مارکیٹ بادامی باغ میں خصوصی صفائی آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد تاجروں، دوکانداروں اور خریداری کے لیے آنے والے شہریوں کو گندگی نہ پھیلانے اور کوڑاکرکٹ ٹھکانے لگانے کے لیے کوڑادان کے استعمال کی تلقین کرنا تھا۔مہم صفائی سے متعلق شکایات و تجاویز کے لیے آگاہی کمپوں کی تنصیب ، پبلک بریفنگ، پمفلٹس و ویسٹ بیگز کی تقسیم اور مارکیٹ میں صفائی انتظامات پر مشتمل تھی۔منیجنگ ڈائریکٹر ایل ڈبلیوایم سی بلال مصطفی سید کی ہدایت پر مارکیٹ میں تاجروں کی سہولت کے لیے 15 کوڑے دان لگائے گئے۔ممبر لاہور چیمبر آف کامرس و صدر انجمن تاجران میاں وقار، سینئر وائس چیئرمین خواجہ ظفر، سہیل امتیاز بٹ، احسان الحق، عابد حمید، محمد فاروق بٹ نے آٹو مارکیٹ انتظامیہ کی طرف سے مہم میں حصہ لیا جبکہ ایل ڈبلیوایم سی کی طرف سے سینئر منیجر آپریشنز سہیل ملک، منیجر آپریشن علی باجوہ، اسسٹنٹ منیجر کمیونی کیشن رحمان راشد، اسسٹنٹ منیجر سعد طلال، سوشل موبلائزرز پر مشتمل ٹیموں، سینٹری ورکرز نے حصہ لیا۔ اس موقع پر ایل ڈبلیوایم سی اور البیراک نے کیمپ لگا کر صفائی سے متعلق لاؤڈ سپیکر پر اعلان بھی کئے جس میں تاجروں سے تعاون کی اپیل کی گئی۔ مارکیٹ انتظامیہ نے ایل ڈبلیوایم سی کی طرف سے نئے کوڑے دانوں کی تنصیب اور صفائی کی صورتحال بہتر کرنے کے عمل کو بے حد سراہا اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1