خواتین ملکی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں،بیگم بشریٰ رحمن
لاہور(پ ر) مسلمانان برصغیر کی لازوال قربانیوں کی بدولت معرض وجود میں آنیوالے اس ملک کی قدر کریں نئی نسل مطالعہ کی عادت اپنائے۔ آج ہماری خواتین ملکی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان خیالات کااظہار معروف کالم نگار ،ادیبہ اور شاعرہ بیگم بشریٰ رحمن نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،لاہور میں جاری انٹرن شپ کی طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک ، نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانہ سے ہوا۔بیگم بشریٰ رحمن نے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا یہ اس برصغیر میں بہت ہی اہم اور خوبصورت ملک ہے۔ ہجرت کے وقت مسلم مہاجرین کی ٹرینوں میں بے شمار لاشیں آئی تھیں۔ پاکستان میں آنیوالے مہاجرین کو مقامی لوگوں نے دل و جان سے خوش آمدید کہا اور ان کی بھرپور خدمت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستان جیسی خوبصورت، باحیا، باکردار اور اپنی روایات کی پاسداری کرنیوالی عورت دنیا کے کسی اور ملک میں نہیں دیکھی۔چوہدری نعیم حسین چٹھہ نے کہا کہ نئی نسلیں پاکستان کے اساسی نظریہ اور قائداعظمؒ ،علامہ محمد اقبالؒ ، مادرملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی حیات و خدمات کا مطالعہ اور ان کے فرمودات کو فروغ دیں۔ آپ جو علم حاصل کریں اس پر عمل کو بھی یقینی بنائیں۔آپ تعلیم کے ذریعے ہی ایک بہترین معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔