مسلم لیگ(ن) کا سیاسی زوال شرو ع ہو چکا ہے،ولید اقبال

مسلم لیگ(ن) کا سیاسی زوال شرو ع ہو چکا ہے،ولید اقبال

لاہور ( نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف اربن لاہور کے صدر ولید اقبال نے کہا ہے کہ (ن)لیگ کا سیاسی زوال شروع ہوچکاہے کرپٹ حکمران عوام کے سامنے کھڑے نہیں ہوسکتے ، تحریک احتساب ملک سے کرپشن کے خاتمے کی تحریک بن چکی ہے ،جھوٹ اور منفی سیاست کے اختتام کا دور اور صاف شفاف سیاست کا آغاز شروع ہونے والا ہے ،اپوزیشن جماعتیں کرپشن کے خلاف پوری طرح متحد اور ایک پیج پر ہیں۔وہ گزشتہ روز رکن صوبائی اسمبلی ڈاکڑ مراد راس کی جانب سے دی جانے والی استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقع پرزاہد شیروانی ، میجر (ر) ساجد بخاری، منصور احمد، شادی خان ، امجد چوہدری، جمشید نیاز ، رانا شہریا ر، رافعہ کمال، روبینہ شاہین، شہزادی اورنگزیب،ام البنین، عظٰمی کاردارسمیت کثیر تعداد میں کارکن بھی موجود تھے۔ ولید اقبال نے کہاکہ حکمران جھوٹ کی بیساکھیوں کا سہارا لے کرقوم کو مزیدگمراہ نہیں کر سکتے انہیں لوٹی ہوئی دولت اور کی گئی کرپشن کی ایک ایک پائی کا حساب دیناہوگا ، 3 ستمبر کولاہور میں عوام کا ٹھا ٹھیں مارتا ہوا سمند ر یہ ثابت کردے گا کہ وہ کرپٹ حکمرانوں کا فوری احتساب چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ (ن)لیگ کی سیاسی کشتی بھنور میں پھنس چکی ہے اور چند کرائے کے ملاح اسے ڈوبنے سے نہیں بچا سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران احتساب سے راہ فرار اختیار نہیں کرسکتے عوام انہیں اس مرتبہ جدہ بھاگنے نہیں دیں گے، تحریک انصاف نے عوام کو ملک سے کرپٹ اشرافیہ سے نجات دلانے کا تہیہ کر رکھا ہے آنے والا دور تحریک انصاف اور رعوام کا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1