ویمن ورلڈ بیس بال ٹورنامنٹ جیت کیلئے پر عزم قومی ٹیم کوریا روانہ

ویمن ورلڈ بیس بال ٹورنامنٹ جیت کیلئے پر عزم قومی ٹیم کوریا روانہ

لاہور(اے پی پی )پاکستان بیس بال فیڈریشن کے چیئرمین و سابق آئی جی پنجاب شوکت جاوید اور صدر سید خاور شاہ نے کہا ہے کہ ویمن ورلڈ بیس بال ٹورنامنٹ میں قومی ویمن بیس بال ٹیم پہلی بار شرکت کر رہی ہے اور پوری امید ہے کہ ٹیم بہتر کارکردگی کامظاہرہ کرے گی۔ جمعرات کو ویمن بیس بال ٹیم کی کوریا روانگی سے قبل اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ورلڈ کپ میں شرکت کرنا ویمن ٹیم کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ ورلڈ کپ میں نتائج کے بارے میں قوم کو کسی خوش فہمی میں نہیں رکھنا چاہتا، ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی دنیا کی دیگر ٹیمیں بہت مضبوط ہیں اور جسمانی طور پر بھی ہماری ٹیم سے بہتر ہیں لیکن ہم نے ٹیم کی تکنیک کو بہتر بنانے کیلئے غیر ملکی کوچ کی خدمات حاصل کیں۔ ویمن چیمپئن شپ منعقد کروائی اور منتخب کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لگاکر میرٹ پر ٹیم سلیکٹ کی، ہماری ٹیم گراؤنڈ پر لڑتی نظر آئے گی، ٹیم کو تکنیک کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا لیکن دنیا کی دیگر ٹیموں کی خواتین کھلاڑی جسمانی طور پر پاکستانی کھلاڑیوں سے مضبوط ہیں۔ ورلڈ کپ میں شرکت سے انہیں دنیا کی مختلف ٹیموں کیخلاف کھیل کر کافی تجربہ حاصل ہوگا اور ملک میں بھی ویمن بیس بال کا کھیل زیادہ مقبول ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ویمن کا ورلڈ بیس بال ٹورنامنٹ 3 ستمبر سے 12ستمبر تک جی جنگ سٹی کوریا میں ہو رہا ہے اور ہماری خواتین کھلاڑی بہتر کارکردگی دکھانے کیلئے پر عزم ہیں، اس ٹورنامنٹ میں12 ممالک کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جن کو تین گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان کی ٹیم گروپ A میں شامل ہے جس کی دیگر ٹیموں میں میزبان کوریا، وینزویلا اور کیوبا جیسی بڑی ٹیمیں شامل ہیں ۔ گروپ بی میں جاپان،کینیڈا، ہالینڈ، بھارت، گروپ سی میں امریکہ، تائیوان، آسٹریلیا اور ہانک کانگ شامل ہیں۔ ٹریننگ کیمپ کے خاتمے اور ویمن بیس بال ٹیم کی کوریا روانگی کے موقع پر پاکستان فیڈریشن بیس بال کے چیئرمین شوکت جاوید نے کھلاڑیوں اور آفیشلز سے خطاب کرتے ہوئے انہیں اس میگا ایونٹ میں شرکت کیلئے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہار جیت سے قطع نظر اپنے بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے امپیریل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احمد کا ٹریننگ کیمپ کیلئے سہولیات فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ سید خاور شاہ صدراور شیخ مظہر احمد سیکرٹری جنرل پاکستان فیڈریشن بیس بال بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ اس موقع پر پاکستان ویمن بیس بال ٹیم کا مہمانوں کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنایا گیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی