مقبوضہ بیت المقدس ،اسرائیلی فوج کا فلسطینی کھلاڑیوں پر حملہ ، وحشیانہ تشدد سے 6کھلاڑی زخمی ہو گئے

مقبوضہ بیت المقدس ،اسرائیلی فوج کا فلسطینی کھلاڑیوں پر حملہ ، وحشیانہ تشدد ...

مقبوضہ بیت المقدس (این این آئی)اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں فٹبال گراؤنڈ میں پریکٹس میں مصروف فلسطینی کھلاڑیوں پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 6کھلاڑی زخمی ہو گئے ہیں۔بیت المقدس کی مقامی این جی او ’’برج‘‘ کے ڈائریکٹر منتصر دکیدک نے بتایا کہ 6فلسطینی کھلاڑی تنظیم کے گراؤنڈ میں معمول کی پریکٹس میں مصروف تھے کہ صہیونی فوج نے گراؤنڈ میں گھس کرانہیں مارنا شروع کر دیا۔ مار پیٹ کے نتیجے میں 6کھلاڑی لہو لہان ہو گئے۔

دکیدک نے بتایا کہ صہیونی فوجی کھلاڑیوں کو نہایت بے رحمی کے ساتھ بندوقوں کے بٹ ،لاتیں اور گھونسے مارتے رہے۔ صہیونی فوجیوں کو اچھی طرح معلوم بھی تھا کہ فلسطینی کھلاڑی یونیفارم میں ہیں اور وہ پریکٹس کررہے ہیں مگر اس کے باوجود انہیں ہولناک تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔تنظیم کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے وحشیانہ تشددکے نتیجے میں زخمی ہونے والے کھلاڑیوں کی شناخت عونی ، محمد سعیدہ، احمد الحلوانی، احمد السلائمہ، یحییٰ فراح اور ایہاب طبیہ کے نام سے کی گئی ہے۔ زخمی کھلاڑیوں کو فوری طبی امداد مہیا کرنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

مزید : عالمی منظر


loading...