ملک بھر میں سیکیورٹی فورسز کا کومبنگ آپریشن ، 19دہشتگرد گرفتار

ملک بھر میں سیکیورٹی فورسز کا کومبنگ آپریشن ، 19دہشتگرد گرفتار

راولپنڈی،کراچی،تربت(آن لائن)ملک بھر میں سکیورٹی فورسز کا کومبنگ آپریشن جاری ہے ،سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران 19 دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا ہے ۔پاک فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے فیصل آباد اور گرد و نواح کے مختلف علاقوں میں کومبنگ آپریشن کے دوران 6 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ۔ ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گردوں میں خودکش بمباروں کے ہینڈلر بھی شامل ہیں جبکہ ایک دہشت گرد خودکش حملہ آوروں کو بھرتی کرتا تھا، یہ تمام دہشت گرد 2014 سے واچ لسٹ پر تھے۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے نیو گولیمار میں عثمانیہ کالونی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف رینجرز کی جانب سے سرچ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران مخصوص گلیوں کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی لی گئی۔ تلاش کے دوران 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ان مشتبہ افراد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ترجمان ایف سی کے مطابق تربت شہر اور نواحی علاقے تمپ میں ایف سی اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کیا ہے۔کارروائی کے دوران مذکورہ علاقوں میں کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبہے میں 7 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔واضح رہے کہ سانحہ کوئٹہ کے بعد ملک بھر میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیوں میں شدت آئی ہے۔

مزید : علاقائی