الطاف حسین پاکستان کی سیاست سے مائنس ہو چکے ہیں‘رانا ثنا اللہ خان
لاہور (این این آئی) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ الطاف حسین پاکستان کی سیاست سے مائنس ہو چکے ہیں، موجودہ متحدہ قومی موومنٹ کو کام کرنے سے نہ روکا جائے ، پاکستان میں موجود فاروق ستار اور دیگر رہنما الطاف حسین سے واضح لا تعلقی کر چکے ہیں اب اس بحث کو آگے نہیں بڑھاناچاہیے ۔ ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ ملک مخالف نعروں کے بعد الطاف حسین کیلئے پاکستان میں سیا ست کرنا ممکن نہیں رہا ،وہ پاکستان کی سیاست سے مائنس ہو چکے ہیں ، اس بحث میں نہیں پڑنا چاہیے کہ مو جودہ متحدہ قومی موومنٹ اچھی ہے یا بری ہے اورلند ن سے علیحدہ ہو کر کا م کر رہی ہے یا نہیں ۔ موجودہ ایم کیو ایم پر اس طرح کے الزامات نہیں لگانے چاہئیں کہ یہ ابھی بھی اندر سے الطاف حسین کے ساتھ ملے ہوئے ہیں یہ ایک نا مناسب رویہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کو کام کرنے سے نہیں روکا جانا چاہیے۔